• news

پی ٹی آئی ایم کیو ایم نے مل کرمتحدہ اپوزیشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا :خرشید شاہ

اسلام آباد (آن لائن+آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے کہنے پر فخر الدین جی ابراہیم کو چیف الیکشن کمشنر لگایا تھا اور فخر الدین جی ابراہیم کے کہنے پر ہی 2013ء میں نگران وزیراعظم لگایا ، پی ٹی آئی کو اپوزیشن لیڈر لانے کی خواہش تھی تو بتا دیتے ان کی خواہش کا احترام کیاجاتا لیکن پی ٹی آئی نے ہمیشہ ناپختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کو فائدہ پہنچایا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تحریک انصاف نے متحدہ اپوزیشن کو توڑ دیا ہے جس سے میرا دل بہت زیادہ دکھی ہے۔ انہوں نے کہا اگر تحریک انصاف کو اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنا ہی تھا تو مجھے بتا دیتے میں خود تبدیل ہوجاتا ۔ایم کیو ایم دو ماہ پہلے تک تو حکومت میں تھی لیکن آج کل معلوم نہیں کہ ایم کیو ایم لڑکی والوں کے ساتھ ہے یا لڑکے والوں کے۔ اگر پی ٹی آئی اسی طرح اپوزیشن کو تقسیم کرتی رہی تو اس کا فائدہ حکومت کو ہوگا۔خورشید شاہ نے کہا کہ میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ اپوزیشن تقسیم ہو لیکن پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم نے مل کر متحدہ اپوزیشن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے لیکن پوری کوشش کرونگا کہ متحدہ اپوزیشن تقسیم نہ ہو۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے علاوہ باقی تمام دوست اور اپوزیشن جماعتیں قومی اسمبلی میں میرے ساتھ کھڑی ہیں ۔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ناپختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کو ہی فائدہ پہنچایا ہے ۔ماضی میں نگران وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کی مرضی سے لگے تھے۔ پی ٹی آئی نے اپوزیشن میں بہت بڑی دراڑ ڈال دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن