احمد شہزاد ‘عمر گل کیساتھ دھکم پیل کا نوٹس‘پی سی بی کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت
لاہور(نمائندہ سپورٹس )قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر گل اور احمد شہزاد کے ساتھ دھکم پیل کا نوٹس لیتے ہوئے کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کردی۔ سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر نعمان بٹ نے کہا کہ قائد اعظم ٹرافی کے میچوں کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔ احمد شہزاد اور عمر گل والے ناخوشگوار واقع کی روشنی میں انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔ اس روز بھی پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے تاہم محرم الحرام کیوجہ سے پولیس اہلکاروں کو میچ ختم ہونے کے بعد ہنگامی صورتحال میں سٹیڈیم سے نکلنا پڑا آئندہ ٹیموں کے سٹیڈیم سے نکلنے تک سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ قائد اعظم ٹرافی کے میچز کو ہر لحاظ سے بہترین بنانے کا عزم کیے ہوئے ہے۔ سٹار کرکٹرز کی موجودگی میں شائقین کا سٹیڈیم آنا خوش آئند ہے تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے قوانین و ہدایات کے مطابق سیالکوٹ ریجن مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملکر آئندہ میچوں مین بہترین انتظامات کرتے ہوئے شائقین کے لیے آسانیاں فراہم کرے گا اور کرکٹرز کو بھی بہترین سہولیات دی جائیں گی۔