• news

ارکان پارلیمنٹ کو اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرانے کی مہلت ختم

اسلام آباد ، پشاور (خصوصی نمائندہ+ بیورو رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان میں اراکین پارلیمنٹ کے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے دی گئی ڈیڈلائن ہفتہ کو ختم ہو گئی۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کو اپنے اثاثے جمع کرانے کے لئے دی گئی ڈیڈلائن 30ستمبر کو ختم ہو گئی، الیکشن کمشن کا متعلقہ شعبہ عام تعطیل کے باوجود بھی کھلا رہا۔ اثاثوں کی تفصیلات نہ دینے والے اراکین کی رکنیت اکتوبر کو معطل کر دی جائے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اب تک سینیٹ کے104 اراکین میں سے صرف 60 سینیٹرز، قومی اسمبلی کے342 ارکان میں سے 160، پنجاب اسمبلی کے 371 میں سے 137، سندھ اسمبلی کے 168اراکین میں سے70، خیبر پی کے اسمبلی کے 124 اراکین میں سے 58 جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 65 ارکان میں سے صرف 28 اراکین اسمبلی نے تفصیلات جمع کرائیں۔ پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار 174 اراکین میں سے 654 ارکان نے تاحال اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں جن میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع نہیں کروائیں۔ خیبر پی کے اسمبلی کے 59 ارکان نے اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرائے ہیں۔ یوں ڈیڈلائن تک گوشوارے جمع نہ کرانے پر صوبائی اسمبلی کے 60 سے زائد ارکان کی رکنیت معطل ہونے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن