سپین: علیحدگی پسندوں نے آج کا تالونیا میں ریفرنڈم کرانے کا اعلان کر دیا‘ حکومت کا انکار‘ سخت کشیدگی
میڈرڈ ( آ ن لائن )سپین کے نیم مختار علاقے کاتالونیا میں علیحدگی پسندوں نے آج ہر حال میں ریفرنڈم کرانے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد حکومت اور علیحدگی پسندوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ، جبکہ سپین کی حکومت نے پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کردی۔کاتالونیا کے علیحدگی پسندوں نے ہر حال میں یکم اکتوبر کو ریفرنڈم کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ریفرنڈم کاتالونیا کو سپین سے علیحدہ ملک کا درجہ دینے کے لیے کرایا جارہا ہے۔دوسری جانب ریفرنڈم کے فیصلے کو سپین کی سپریم کورٹ اور میڈرڈ حکومت پہلے ہی خلاف قانون قرار دے چکی ہے۔سپین کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ کاتالونیا کے خلاف قانون قرار دئیے گئے آزادی ریفرنڈم کو روکنے کے لیے مزید پولیس دستے روانہ کر دئیے گئے ہیں۔ریفرنڈم نہیں ہونے دیا جائے گا۔