محرم الحرام، نذر و نیاز میں اضافے سے 6 ارب روپے تک کاروباری سرگرمیاں متوقع
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں اس محرم الحرام کے دوران مذہبی عقیدت کے اظہار کے لئے نذر ونیاز دینے میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور ایک محتا ط اندازے کے مطابق مارکیٹ میں پانچ سے چھ ارب روپے کی کاروباری سرگرمیاں متوقع ہیں۔محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی شہدا کربلا کی یاد میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی طرف سے نذر نیاز کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ۔ اس سے پرچون کے کاروبار اور دیگیں پکانے اور کیٹرنگ والوں کا کام بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق محرم کے ابتدائی دنوں میں مارکیٹ میں اضافی طور پر پانچ سے چھ ارب روپے کی گردش ہوتی ہے ۔اگر چہ نذر نیاز کا سلسلہ محرم الحرام کے پورے مہینے چلتا ہے لیکن یکم محرم سے 10محرم کے دوران دالوں، چاول، گوشت، چکن ، دوسرے مصالحہ جات کی فروخت کئی گنا بڑھ جاتی ہے ۔تاجروں کے مطابق تھوک مارکیٹ میں محرم الحرام کی ابتدائی دنوں میں 40 سے 50 کروڑ روپے کی اجناس کی معمول سے زیادہ فروخت ہوتی ہے نذر نیاز کے باعث مارکیٹ میں سرمائے کی گردش ہی نہیں بڑھتی بلکہ غریبوں اور ضرورت مند لوگوں کو ان کی باآسانی کھانا بھی ملتا رہتا ہے۔