بحرین کا پارلیمانی وفد پاکستان کا 3 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ
اسلام آباد (آئی این پی )بحرین کی شوری کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح کی سربراہی میں بحرین کا پارلیمانی وفد اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گیا۔وفد کو اس دورے کی دعوت چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے دی تھی۔ وفد کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری اور سینٹ میں پاکستان بحرین دوستی گروپ کے کنونیئر سینیٹر حافظ حمداللہ اور سینیٹ کے اعلی حکام نے الوداع کہا۔اس موقع پر وفد کو انکے دورے اور اعلیٰ سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کی البم بھی پیش کی گئی جسے وفد کے سربراہ نے سراہا۔انہوں نے شاندار مہمان نوازی پر سیٹ سیکرٹریٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔وفد نے اس دورے کے دوران صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم خاقان عباسی،چیئرمین سینٹ سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان بحرین تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے علاوہ خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سینٹ نے وفد کے اس دورے کو انتہائی اہم قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اعلی سطح کے اس وفد کے دورے سے پاکستان اور بحرین کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ بحرین کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ بحرین نے ہر علاقائی اور عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور اسی تعاون کو مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔ دونوں ملک عالمی فورمز پر یکساں موقف اپنائیں گے۔