اپوزیشن لیڈر کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے :نعیم الحق
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق نے کہا خورشید شاہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے بحیثیت چیئرمین مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کرپشن پر آنکھیں بند رکھی ہیں اور ان کا ماضی داغدار ہے اس لئے تحریک انصاف نہیں سمجھتی کہ خورشید شاہ ملکی مفاد میں بہتر فیصلے کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے خورشید شاہ کے دیئے گئے بیان کے ردعمل میں کیا۔ پیپلز پارٹی میں آصف زرداری کی بادشاہت قائم ہے اور خورشید شاہ اس بادشاہ کے ادنیٰ غلام ہیں بادشاہ سلامت جو احکامات جاری کرتے ہیں خورشید شاہ اسی پر عمل کرتے ہیں۔ خورشید شاہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین ہیں لیکن انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور اپنی پارٹی کی کرپشن پر آنکھیں بند کررکھی ہیں حالانکہ خورشید شاہ کا بحیثیت چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی فرض تھا کہ کرپشن کی تحقیقات کرتے اسی لئے ہمارا پیپلز پارٹی سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور پی ٹی آئی نہیں سمجھتی کہ یہ لوگ پاکستان کے مفاد میں صحیح فیصلے کرسکتے ہیں اس کے علاوہ ان کا ماضی بھی داغدار ہے اس لئے ہم نے قدم اٹھایا اور اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اپوزیشن لیڈر تبدیل کرنے کیلئے دوسری پارٹیوں سے بھی بات چیت کررہے ہیں جلد حتمی نتیجے تک پہنچ جائینگے ۔