عالمی برادری کو دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنا احسن اقدام ہے: فرحت بابر
اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرنا احسن اقدام ہے۔ وہ قائداعظم یونیورسٹی کے ایریا سٹڈی سینٹر برائے افریقہ، شمالی و جنوبی امریکہ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے سیمینار کا موضوع افغانستان اور جنوبی ایشیا کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی تھا۔ سیمینار سے سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر افراسیاب خٹک، خالد محمود اور ڈاکٹر شاہین اختر نے خطاب کیا۔ مقررین نے افغانستان اور جنوبی ایشیاء کیلئے صدر ٹرمپ کی پالیسی کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کی طویل تاریخ رہی ہے تاہم صدر بل کلنٹن کے وقت میں جنوبی ایشیا کیلئے امریکی پالیسی میں بڑی سٹرٹیجک تبدیلی آئی۔ فرحت اللہ بابر کا موقف تھا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسی ’’سٹرٹیجک تبدیلی‘‘ کا ہی تسلسل ہے۔ انہوں نے اپنے معاملات کو درست رکھنے کے وزیر خارجہ کے بیان کی حمایت کی اور کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرنا احسن اقدام ہے۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات عامہ کی سربراہ ڈاکٹر شاہین اختر نے اس موقع پر خالد محمود کے موقف کی حمایت کی اور کہا کہ صدر ٹرمپ کی پالیسی کو وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے بالخصوص ایسے حالات میں جب ایشیا میں چین کا کردار بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تناظر میں امریکہ کی یہ خواہش ہے کہ وہ بھارت کے ذریعہ چین کو توازن میں رکھے۔ افراسیاب خٹک نے سیمینار سے خطاب میں صدر ٹرمپ کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔