سفارتکاروں کی صحت خراب کرنے کا الزام: امریکہ نے کیوبا میں عملہ کم کرنے کا اعلان کر دیا
واشنگٹن ( آن لائن )امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کیوبا سے اپنے تمام غیر ضروری سفارتی عملے کو واپس بلا رہا ہے جس کی وجہ ہوانا میں 21 امریکی سفارتی اہلکاروں کی صحت پر ہونے والے حملے" بتائے جاتے ہیں۔وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے ایک بیان میں کہا امریکہ کیوبا کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار رکھے ہوئے ہے لیکن وہ امریکی سفارتکاروں کی صحت و سلامتی کو مقدم رکھتا ہے۔"جب تک کیوبا کی حکومت ملک میں ہمارے سفارتکاروں کا تحفظ یقینی نہیں بنا سکتی، ہمارے سفارتخانے میں صرف انتہائی ضروری عملہ ہی کام کرے گا اور خطرات کے پیش نظر عملے کو کم کیا جا رہا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا امریکی سفارتکاروں پر ہونے والے حملے کی نوعیت مبہم ہے۔"متاثرہ لوگوں کو مختلف جسمانی علامات اور مسائل کی شکایت درپیش ہے جس میں کان میں تکلیف، سماعت کے مسائل، غنودگی، سر میں درد، نیند میں مشکلات شامل ہیں۔