مسلم لیگ ن میں مائنس ون فارمولا کارگر نہیں ہوگا : مریم اورنگزیب
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ (ن )لیگ میں مائنس ون فارمولا کارگر نہیں ہوگا،وہ کونسا حکم تھا جس پررینجرز عملدرآمد کررہی تھی؟ وزیر داخلہ احسن اقبال کا رینجرز سے متعلق بیان بہت سنجیدہ ہے، پروٹوکول اور سکیورٹی میںفرق واضح کرنا ہوگا، نواز شریف کے خلاف پونے دو سال میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا،تحفظات کے باوجود نواز شریف عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک منتخب وزیراعظم کو اقامہ کی بنیاد پر نااہل کردیا گیا،مسلم لیگ (ن) ایک جمہوری پارٹی ہے، آج احتساب عدالت میں میڈیا کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی، وہ کونسا حکم تھا جس پر رینجرز عملدرآمدکررہی تھی؟ یہ رجحان پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ سابق وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی انہیں سکیورٹی خدشات ہیں، انکوائری کے بعد وزیر داخلہ اس معاملے پر خود جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اہلیہ کی طبیعت ناساز ہونے کے باوجود نواز شریف وطن آئے ، رینجرز کو احکامات کہاں سے آرہے تھے؟پانامہ پیپرز میں نواز شریف کا نام نہیں۔ وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیان کی تائید کرتی ہوں۔چوہدری نثا ر کے ترجمان نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیا، رانا ثناء اللہ نے بیان کی وضاحت کردی۔