اتحاد سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے‘ منفی سیاسی قوتیں ترقی کا راستہ نہیں روک سکتیں: شہبا زشریف
لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے عاشورہ محرم الحرام میں پورے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے ساتھ عزاداروں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے پرصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یوم عاشور پر صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اورمتعلقہ اداروں کی بھرپور محنت سے یوم عاشور پرامن رہا، منتخب نمائندوں، بلدیاتی عہدیداران اور انتظامیہ نے بھی متحرک اور فعال انداز میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فرائض سرانجام دئیے۔ صوبائی کابینہ کمیٹی کے ارکان اور پوری ٹیم نے ملکر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے۔ متعلقہ اداروں، پولیس اور انتظامیہ نے مربوط اندازمیں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنانے کیلئے دن رات محنت کی اور تمام محکموں اور اداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ امن کمیٹیوں اور منتخب نمائندوں نے بھی عاشورہ محرم الحرام کے دوران بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا۔ اتحاد ،اتفا ق اور یگانگت کے راستے پر چلتے ہوئے ملک کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔رکن اسمبلی مخدوم خسرو بختیار سے گفتگو میں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کئے ہیں اورترقی کے سفر میں جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کے عوام کے قدموں تلے نچھاور کر کے انہیں انکا حق لوٹایا ہے۔ توانائی کے متعدد منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں اور رواں برس کے آخر تک ملک میں چھائے اندھیرے ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائینگے۔ منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو یقینی بنا کر غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب حکومت نے دیہات میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا دیاہے۔ پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کا اتنا بڑا پروگرام کبھی نہیں بنایا گیا۔ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیجات نے ملک و قوم کو مسائل سے دوچار کیا۔ ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں ملک کی ترقی کاراستہ نہیں روک سکتیں۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پورے پاکستان کیلئے ہے ۔ اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ عام آدمی کو جدید ترین سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ چین سے اورنج لائن میٹروٹرین کی بوگیوں کے پہلے سیٹ کی لاہور آمد خوش آئند ہے۔ عوام کا حق ہے کہ وہ بھی وہی سفری سہولتیں استعمال کریں جو اس ملک کی اشرافیہ کرتی ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں شہری عزت و قار سے سفر کرسکیںگے۔ وزیراعلیٰ نے سابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب حبیب احمد خان لودھی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔