کنٹرول لائن: بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ‘ بزرگ شہری شہید‘ خاتون سمیت5 زخمی
لاہور+ اسلام آباد +حویلی+ سرینگر (خصوصی رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+این این آئی+ آن لائن) بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بزرگ پاکستانی شہری شہید اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔حویلی کے ڈپٹی کمشنر چوہدری کاشف نے بتایا کہ بھارتی فورسز نے صبح 6 بجے نیزہ پیر اور دیگوار سیکٹرز میں شیلنگ کا آغاز کیا جس میں بھاری اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ سے دیگوار گاؤں میں ایک 70 سالہ بزرگ شہری شہید ہوگیا جن کی شناخت محمد دین کے نام سے ہوئی جبکہ ان کا 25 سالہ بیٹا محمد جمیل زخمی ہوگیا۔انہوں نے بتایا اسی گاؤں میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 34 سالہ تسنیم بی بی، ان کا 12 سالہ بیٹا عاقب اور 35 سالہ محمد جاوید زخمی ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ نیزہ پیر کے سیکٹر میں بھارتی فورسز کی شیلنگ سے ولی محمد نامی شخص بھی زخمی ہوا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا تمام زخمیوں کو علاج کیلئے حویلی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی فورسز کی شیلنگ کے بعد تمام تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم دے دیا گیا تاکہ طلباء اور اساتذہ کی قیمتی جانوں کو کسی بھی نقصان سے بچایا جاسکے۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر شیلنگ کی وجہ سے رہائشوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری ٹویٹ کے مطابق بھارتی فائرنگ سے ایک شہری محمد دین شہید اور چار شہری زخمی ہو گئے۔ پاک فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دو بھارتی چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ بعدازاں بھارت نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ سیکٹر میں بھارتی فوجی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے دو بچے ہلاک جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی رینجرز نے پوچھ کیرنی اور دیگر سیکٹروں میں بھارتی فوجی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر بھارتی فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی ۔ مزید برآں لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے -وزیراعلی نے شہری کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید ہونے والے شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے -وزیراعلی نے زخمیوںکی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعاکی ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو گزشتہ روز دفتر خارجہ بلا کر ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹرمحمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ انہیں تھمایا۔ واضح رہے کہ بھارت کی طرف سے 30ستمبراور یکم اکتوبر کولائن آف کنٹرول پر پر بھارتی افواج نے رکھ چکری اور راولاکوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ یہ بھارتی افواج کی طرف سے گزشتہ بارہ روز میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی پانچویں مرتبہ خلاف ورزی ہوئی جس سے گیارہ شہری بشمول پانچ خواتین کے شہید اور 37دوسرے زخمی ہوئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بار بار تحمل کے مطالبے کے بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 2017 میں اب تک بھارتی افواج نے 900سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بانڈری کی خلاف ورزیاں کی ہیں جن کے نتیجے میں 43معصوم شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 153ہے۔ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر سے کہا گیا کہ جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے خلاف ہے۔ بھارتی افواج کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے ایل او سی اور ورکنگ بانڈری پر امن قائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے دئے گئے مینڈیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ملٹری ابزرور گروپ انڈیا و پاکستان کو کام کرنے کی اجازت دے۔