• news

اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے بوگیوں کی پہلی کھیپ کراچی سے لاہور پہنچ گئی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے لئے بوگیوں کی پہلی کھیپ گزشتہ روز کراچی سے لاہور پہنچ گئی۔ پانچ ہیوی ٹرالوں پر دو انجن اور تین بوگیاں لاہور لائی گئیں جو 25ستمبرکو کراچی سے روانہ کی گئیں، سات دن میں گزشتہ روز لاہور پہنچیں۔ ایک انجن کی لمبائی 60فٹ جبکہ وزن 33 ٹن ہے۔ ان بوگیوں کو ڈیرہ گجراں کے ڈپو میں کھڑا کر دیا گیا ہے جہاں ان کی تقریب رونمائی جلد ہوگی۔ چین سے ٹرینوں کے 27سیٹ درآمد کئے جا رہے ہیں‘ ہر سیٹ پانچ بوگیوں پر مشتمل ہو گا۔ یہ ٹرین 80کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی اور ڈیرہ گجراں سے علی ٹاﺅن تک 27کلومیٹر فاصلہ صرف 45منٹ میں طے کریں گی۔ آغاز پر روزانہ اڑھائی لاکھ افراد سفر کریں گے اور اگلے پانچ سال کے دوران یہ تعداد پانچ لاکھ مسافر یومیہ ہو جائے گی۔ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 23ٹرینیں اس سال کے آخر تک لاہور پہنچ جائیں گی۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا تین چوتھائی تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
اورنج لائن ٹرین

ای پیپر-دی نیشن