علاقائی مسائل کے حل کیلئے ایشیائی پارلیمان میں موثر تعاون کی ضرورت ہے: چیئرمین سینٹ
اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ علاقائی مسائل کے حل کےلئے ایشیائی پارلیمان کے مابین موثر تعاون کی ضرورت ہے۔ کمبوڈیا کی قومی اسمبلی کے صدر ہینگ سمرن سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیزی سے وقوع پذیر ہونے والی عالمی تبدیلیوں اور حالات کے پیش نظر ایشیائی پارلیمان پر لازم ہے کہ وہ خطے کےلئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں ۔ وفد میں سینیٹرمشاہد حسین سید، سینیٹر شبلی فراز اور سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک شامل ہیں۔ رضا ربانی نے کہا باہمی پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےلئے پر امید ہیں۔
‘ حال ہی میں دونوں پارلیمان کے مابین طے پانے والے معاہدہ کے پیش نظر اس پیش رفت میںمعاونت ملے گی ، دونوں ملکوں کی پارلیمان کے درمیان دوستانہ تعلقات دونوں طرف کی قیادت کی دور اندیشی کو ظاہر کر تے ہیں ۔ انہوں نے کمبوڈیا کی قومی اسمبلی کے صدر کو پاکستان دورے کی دعوت دی۔ کمبوڈیا کی قومی اسمبلی کے صدر نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے گزشتہ 2 سال میں منعقد ہونے والے اجلاسوں میںپاکستان کے فعال کردار اور شرکت کی بھر پور تحسین کی ۔ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل اور کامرس کے چیئرمین سینیٹر شبلی فراز نے روس کے پارلیمانی وفد کے سربراہ اور اکنامک پالیسی کمیٹی کے چیئرمین میخائل ایمبلی یوف سے ملاقات کی ۔اس موقع پر روس کے پارلیمانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین صنعت وتجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی پارلیمان کو موثر کردار اد کرنا چاہئے۔ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
رضا ربانی