• news

کچھ مشیروں نے گاڑی ‘ عہدے کے لئے نوازشریف کو غلط مشورے دئیے: شہباز شریف

اسلام آباد، لاہور (وقائع نگار خصوصی+خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کچھ مشیروں نے وزارتوں اور گاڑیوں کیلئے نواز شریف کو غلط مشورے دیے۔میاں صاحب ان سے مشاورت نہ کریں،جن کوصرف بڑی بڑی گاڑیاں چاہئیں، میاں صاحب نے مشاورت کرنی ہوتو نیچے والوں سے کریں، چاروں صوبوں کی تائید سے پارٹی صدر منتخب ہوئے،مخالفین کو واویلا کرنے کا کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ پورا ہورہا ہے۔ بعض سیاسی پارٹیوں نے ترمیم کی بدترین مخالفت کی،کہا گیا کہ ایک شخص کیلئے قانون بنایا جارہاہے،منتخب مقننہ نے قانون بنایا اس کے تحت نواز شریف کو منتخب کیا گیا،مخالفین کو واویلا کرنے کا کوئی حق نہیں ہے،دھرنے دینے والوں نے ملکی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا،گزشتہ چار سال میں نواز شریف کی قیادت میں ترقی کے سفر کو سنہرے دور سے تعبیر کیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) جھوٹے وعدوں کے بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے، کیا احتساب صرف شریف خاندان اور نواز شریف کیلئے ہے؟احتساب مسلم لیگ (ن) سے شروع کرولیکن احتساب سب کا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ڈینگی کی وباء آئی تو اس کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی، خیبرپختونخواہ میں ڈینگی نے وار کیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے،ہمیں ڈینگی برادران کہا گیا، انہوں نے کہا کہ نندی پور منصوبہ تین سال کراچی میں دفن رہا اربوں روپے نقصان پہنچا، مجھ پر10ارب روپے رشوت کا الزام لگا کر خان صاحب بھارگ رہے ہیں، اور میں ان کے پیچھے پیچھے ہوں،نواز شریف کو تاریخ ہمیشہ یاد رہے گی۔دھرنوں کے باجود نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، 15 سالوں سے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔۔شہباز شریف نے کہا توانائی منصوبوں میں شفافیت کی 70 سال کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں نے خیبرپی کے کتنے میگاواٹ بجلی پیدا کی انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اپنی وزارت سے پیار تھا، انہوں نے غلط مشورے دیئے۔شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر محمد نواز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آپ کا دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر منتخب ہونا اس بات کی گواہی ہے کہ آپ پاکستان کے عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں اور عوام آپ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ نواز شریف نے ملک و قوم کی ترقی کیلئے جو کچھ کیا وہ ایک حقیقت ہے اور اسے سب کو ماننا ہو گا۔ گزشتہ چار سالوں کے دوران دھرنوں ، لاک ڈائون، نامسعد حالات، مخالفین کی طرف سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے شہروں کو بند کر نے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مسائل سے نکالنے اور توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ امریکہ ، مشرقی وسطی ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں جائیدادیں رکھنے والے کرپٹ ترین لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر کرپشن کے خلاف لیکچر دیں اور پریس کانفرنسز کریں یہ قوم کو گوارا نہیں ۔ وزیر اعلیٰ محمدشہباز شریف نے کہا کہ میری پاکستان مسلم لیگ ن کے نو منتخب صدر محمد نواز شریف سے گزارش ہے کہ آپ کے سامنے پاکستان مسلم لیگ ن کے ایسے کارکن اور لیڈر موجود ہیں جنہوں نے ماریں کھائیں، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ یہ آپ کے عظیم قافلے کے لوگ ہیں ان سے مشاورت کی روشنی میں فیصلے کر کے آگے بڑھیں ، انشاء اللہ سب خیر ہو گی اور کوئی ہمارا بال بیکا نہیں کر سکتا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،جس میںجھنگ کے علاقے تھانہ اٹھارہ ہزاری کی حدود میں بیوی کو انصاف نہ ملنے پر شوہر کی جانب سے آگ لگاکر اپنی زندگی ختم کرنے کے واقعہ کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیوی کو انصاف نہ ملنے پر شوہر کا خود کو آگ لگا کر زندگی ختم کرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔پولیس نے متاثرہ شخص کی دادرسی کیلئے بروقت کارروائی نہیں کی ۔وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی بروقت فراہمی یقینی نہ بنانے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ کو اوایس ڈی بنانے کا حکم دیا۔انہوںنے کہا کہ تبادلہ کوئی سزا نہیں ،ایسے افسر کو عہدے پر رہنے کا حق نہیں ۔ ڈی پی او جھنگ کے تبادلے سے کام نہیں چلے گابلکہ ایسے افسر کو فوری طورپر اوایس ڈی کیا جائے۔تحصیل ہیڈ کوارٹر اٹھارہ ہزاری کی وویمن میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ناصرہ نور،ایس ایچ او سب انسپکٹر احسان نواز،ایس ایچ او انسپکٹر غلام عباس،تفتیشی افسر سب انسپکٹر نوازاورسب انسپکٹر جعفر علی کو ملازمت سے برخاست کرکے قانونی کارروائی کاآغاز ہوچکا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ورلڈ باکسنگ کونسل کے سلور فلائی ویٹ چیمپئن شپ میں مسلسل آٹھویں کامیابی پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کو مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن