وزیراعظم، خورشید شاہ ملاقات، چیئرمین نیب کیلئے 3، 3 نام پیش، کل پھر ملیں گے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آئین کے تحت چیئرمین قومی احتساب بیورو کی تقرری کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، جلد اس معاملے میں پیشرفت کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ چیئرمین نیب کی نامزدگی کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی دعوت پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے منگل کی شب ان سے ملاقات کی جو کہ بات چیت کا تیسرا دور تھا۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر، جسٹس (ر) جاوید اقبال اور سابق سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد جبکہ وزیراعظم نے آئی بی کے سربراہ آفتاب سلطان، جسٹس (ر) رحمت جعفری اور جسٹس (ر) اعجاز چودھری کے نام تجویز کئے ہیں۔ اپوزیشن لیڈر کے جاری بیان میں بھی ان نامزدگیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اس بارے میں سابق صدر اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے چیئرمین آصف زرداری کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔ آصف علی زرداری نے سید خورشید شاہ کو وزیراعظم کی تجاویز سے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو آگاہ کرنے کیلئے کہا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب کا آٹھ اکتوبر تک فیصلہ کرنا ہے۔ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی سے تین، تین نام مانگے ابھی تک نہیں دیئے۔ وزیراعظم سے آئندہ ملاقات 5 اکتوبر کو ہو گی۔ دیگر وکلائ، ریٹائرڈ ججز اور بیوروکریٹس کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔