• news

خورشید شاہ کی نواز شریف کو مبارکباد، الیکشن بل کی منظوری میں پی ٹی آئی، متحدہ کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ، پی پی نے گرینڈ ڈائیلاگ کی مخالفت کردی

اسلام آباد/ لاہور (آئی این پی + خبرنگار) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن بل کی منظوری میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کردار کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ دونوں جماعتوں نے اپنی غلطی چھپانے کے لئے قومی اسمبلی میں احتجاج کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا رابطے کے باوجود پی ٹی آئی نے چیئرمین نیب کیلئے نام تجویز نہیں کیا۔ اپوزیشن لیڈر نے نواز شریف کو پارٹی صدر بننے پرمبارکباد دی۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان اور مرکزی سیکرٹری اعلاعات چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ ججوں کو ٹیلیفون کر کے بینظیر اور آصف زرداری کو سزائیں دلوانے والے نواز شریف آج خود عدلیہ پر سیاست کا الزام لگا رہے ہیں۔ نواز اور شہباز شریف کی تقریریں ہی ان کے سیاسی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ مسلم لیگ ن کی سیاست دوغلی ہے، ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی، نواز شریف خود مفاہمت کی جھوٹی باتیں کرنے لگ گئے اور شہباز شریف کو گالیوں پر لگا دیا ہے۔ میاں نوازشریف اور شہبازشریف کی تقریر پر اپنے ردعمل میں چودھری منظور نے کہا کہ نوازشریف کو اب شہید بھٹو اور بینظیر مظلوم لگنے لگے جن کی مخالفت میں انہوں نے ساری حدیں پار کر دی تھیں، افتخار چودھری جیسے سیاسی جج کے ساتھ نواز شریف کی گٹھ جوڑ قوم نہیں بھولی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال کو اپنے جواب میں چودھری منظور نے کہا کہ بھٹو بھٹو کر کے ضیا کی باقیات بھٹو نہیں بن سکتی، بھٹو نے ایوب کے آمرانہ قانون ایبڈو کو ختم کیا تھا، بھٹو نے عدالتوں سے نااہل قرار دیئے گئے کسی شخص کو پارٹی عہدہ نہیں دیا تھا، نواز شریف عدالت سے نااہل ہوئے ان کا بھٹو کے قانون سے کوئی تعلق نہیں۔ شیری رحمان نے کہا ہے کہ اس وقت جمہوریت کو نہیں جاتی امراء کی بادشاہت کو خطرہ ہے، کسی صورت کندھا نہیں دینگے، میثاق جمہوریت کو روندنے والے آج کس منہ سے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی باتیں کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن