رینجرز نے اچانک ٹیک اوور کیا ، ڈی جی نے واضح جواب نہیں دیا، فوجی قیادت سے بات کرینگے : احسن اقبال
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی +آن لائن )وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ رینجرز کو کس نے بلایا، انتظامی انکوائری مکمل ہو گئی۔ احتساب عدالت کے باہر پیش آنے والا واقعہ افسوسناک ہے۔ ڈی جی رینجرز کے ساتھ بھی بات ہو گئی ہے انتظامیہ نے بتایا کہ رینجرز کو نہیں بلایا گیا تھا۔ چیف کمشنر نے بتایا کہ رینجرز نے اچانک ٹیک اوور کر لیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ اب بہت ہو چکا میں نے نومور کا پیغام بین الاقوامی اور مقامی قوتوں کو دیا ہے، عمران خان اور شیخ رشید چور دروازوں کے ذریعے آنا چاہتے ہیں پرویز مشرف قانون کے ذریعے واپس آئیں گے۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نیب میں نوازشریف کی پیشی کے موقع پر پیش آنے والا تاریخ کا افسوسناک واقعہ ہے ،ڈی جی رینجرز سے میری بات ہوگئی ہے مگر انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا اس معاملے کو ہم فوجی قیادت کے ساتھ بھی زیر بحث لائیں گے اور اگر کوئی واضح اور قابل فہم حل نہ نکلا تو پھر میں ڈمی وزیر نہیں رہ سکتا بلکہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا ، ہمارے پاس 2/3میجورٹی نہیں اس لئے ہم آئین کے آرٹیکل 62,63کو ختم نہیں کرسکتے ،پیپلزپارٹی آج اپنے بانی چیئرمین کے بنائے ہوئے قانون کی مخالفت کر رہی ہے حالانکہ کل اسی قانون کا فائدہ عمران خان کو بھی ہوسکتا ہے ،ذوالفقار علی بھٹو اور نوازشریف دونوں نے اپنی سیاست کا آغاز ڈکٹیٹر شپ کی چھائوں میں کیا مگر وقت کے ساتھ دونوں کی سیاست میں بدلائو آگیا ، پرویز مشرف کو قانون کے ذریعے ہی وطن واپس لائیں گے ، مجھے نہیں پتہ کہ نوازشریف کو کس نے غلط مشورے دیئے، یہ تو شہبازشریف ہی بہتر جانتے ہیں کہ وہ کون سے لوگ ہیں؟زندہ قومیں خود احتسابی کرتی رہتی ہیں اور ہمیں اپنے گھر کو بہت ساری سمتوں میں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ،پتہ نہیں کب ہم ایک نارمل قوم بنیں گے ،پی ٹی آئی کے ورکرز سوشل میڈیا پر پاک فوج اور مسلم لیگ (ن) میں دوریاں پیدا کرنے کیلئے فوج کیخلاف گالیاں لکھ کر مسلم لیگ (ن) کے نام سے پرنٹ کرکے سوشل میڈیا میں پھیلائی جا رہی ہیں ، ہم انکوائری کر رہے ہیں ، زندہ قومیں خود احتسابی کرتی رہتی ہیں اور ہمیں اپنے گھر کو بہت ساری سمتوں میں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ، یہاں مذہبی تہوار کو گزارنا اور سیکیورٹی پوری کرنا بھی ایک ڈرائونا خواب بن گیا ہے۔علاوہ ازیں نیشنل پولیس اکیڈمی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہے پولیس کو جدید خطوط پر منظم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ملک بھر میں ہزاروں افسروں کیلئے آن لائن کورسز شروع کئے جائیں امن کے استحکام اور بحالی کے حوالے سے پولیس سب سے زیادہ موثر ترین ادارہ ہے، وہ ادارے تباہی کے دہانے تک پہنچ گئے جن اداروں نے اپنے آپ کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ نہیں کیا۔