• news

نوازشریف کا انتخاب مسترد ، بھرپور احتجاج کرینگے: ترجمان تحریک انصاف‘ سپریم کورٹ کے ترازو پر راکٹ لانچر مارا: شیخ رشید قوم کا سر شرم سے جھکا دیا: طاہر القادری

اسلام آباد/ لاہور (وقائع نگار خصوصی + سپیشل رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی ترامیم مسترد کرتے ہیں۔ شق 203کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا۔ پانچ سو چوروں نے مل کر علی بابا کو اپنا سردار بنایا۔ ٹیکس چور کو پارٹی سربراہ منتخب کیا گیا۔ نواز شریف نے بھی اداروں کو نشانہ بنایا۔ عدالت کا اسحاق ڈار کی درخواست مسترد کرنا خوش آئند ہے۔ عمران خان 13جلسوں سے خطاب کرینگے۔ عمران خان نے تمام ٹرانزیکشن سپریم کورٹ میں پیش کر دیں۔ عمران کیخلاف مقدمہ کا اختتام ہو گیا۔ عمران خان نے آپ کی طرح جھوٹی داستان نہیں سنائی۔ عمران خان نے آپ کی طرح کوئی قطری خط پیش نہیں کیا۔ نوازشریف کا انتخاب دل خوش رکھنے کے بہانے ہیں۔ نواز شریف نے جمہوریت کو داغدار کرنے کی کئی کوششیں کیں، اسے مسترد کرتے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے صدر اور رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے ترازو پر راکٹ لانچر مارا ہے۔ پاکستان کو بچانا ہے تو نوازشریف کی سیاست سے نجات حاصل کرنی ہے۔ منگل کو نوازشریف کے پارٹی صدر بننے پر میڈیا سے گفتگو میں اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ ملک میں تصادم ہونے جا رہا ہے‘ ملک کی معیشت کو شدید دھچکا لگنے والا ہے۔ حکومت جلد از جلد چیئرمین نیب لگانے جا رہی ہے۔ نوازشریف اور ان کی جماعت ریڈ زون میں داخل ہوگئی ہے سب کام نواز شریف کررہے ہیں۔ (ن) لیگ چیلنج کرتی ہے کہ میں سپریم کورٹ جاتا ہوں مجھے انگلش نہیں آتی، چیئرمین نیب کے معاملے پر نورا کشتی ہورہی ہے‘ آصف زرداری کسی صورت اپنی مرضی کے علاوہ چیئرمین نیب نہیں مانیں گے۔ خورشید شاہ نے چیئرمین نیب کے لئے پی ٹی آئی سے نام نہیں مانگا۔ علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قوم کے سر شرم سے جھکا دیئے گئے۔ نااہل شخص کیلئے قانون سازی آئین، سپریم کورٹ کیخلاف بغاوت ہے۔ چوروں، لٹیروں، دہشت گردوں پر سیاسی دروازے کھول دیئے گئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن