وادی تیراہ: افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ‘ نائب صوبیدار شہید‘ نائیک زخمی
لنڈی کوتل (نامہ نگار) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ راجگال میں پوسٹ پر افغانستان سے دہشت گردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، دوسری جانب پائندی کے مقام پر لینڈ کروزر کے ساتھ تصادم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی اُلٹنے سے 2اہلکار زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ راجگال سندانہ میں خاقان کے اگلے مورچوں پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں نائب صوبیدار اظہر علی شہید جبکہ نائیک شاہد نسیم زخمی ہوگئے۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور حملہ آور واپس بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ شہید ہونے والے نائب صوبیدار کی میت اور زخمی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔ دوسرے واقعہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی باڑہ سے تیراہ راشن لے جا رہی تھی کہ راستے میں پائندی کے مقام پر لینڈ کروزر سے تصادم کے نتیجے میں الٹ گئی جس میں صوبیدار گل زرین خٹک اور لانس نائیک رستم سواتی زخمی ہوگئے۔