پاکستان کی نان نیٹو اتحادی حیثیت ختم کرنا آپشن ‘ ایک موقع اور دیں گے: امریکہ
واشنگٹن( اے ایف پی)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ پاکستان کی نان نیٹو اتحادی حیثیت ختم کرنا آپشن ہو سکتا ہے، پاکستان کو ایک موقع اور دیں گے۔ جم میٹس نے کہا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کے کردار کا فیصلہ ’’ مضبوطی‘‘ سے کریں گے تا کہ اسلام آباد نیٹو کے مطالبات سن سکے اور دہشت گرد گروپوں کو قابو کیا جا سکے۔ ٹرمپ کی نئی افغان حکمت عملی کا نیٹو اور خطے کے رہنمائوں کی طرف سے متفقہ طور پر خیر مقدم کیا گیا ہے پاکستان کو نیٹوکے مطالبات سننے چاہئے اور انہیں تسلیم کرنا چاہئے۔ امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے انتباہ کیا ہے افغانستان سے انخلا ہمارے لئے خطرناک ثابت ہو گا، ایسا اپنی مرضی سے کرینگے۔ کانگریس کو فوجیوں کی افغانستان میں تعداد بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا انٹیلی جنس کمیونٹی کے تجزیئے کی بنیاد پر بات کہہ رہا ہوں۔ یاد رہے امریکی صدر ٹرمپ نے نئی افغان پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے تحت مزید 3 ہزار فوجی افغانستان میں بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ سینٹ میں سماعت کے دوران کہا ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ امریکہ کے مفاد میں ہے۔ ٹرمپ کو اسے برقرار رکھنے پر غور کرنا چاہئے۔ اگر تصدیق ہو ایران معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے تو یقیناً برقرار رکھا جائے۔