دشمن کی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دیا جائے گا‘ کور کمانڈرز کانفرنس
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کور کمانڈرز کی سپیشل کانفرنس منگل کے روز آرمی چیف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں ہوئی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے خلاف معمول کانفرنس کا اعلامیہ نہیں جاری کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے چھ گھنٹے جاری رہنے والی کانفرنس میں ملک کی داخلی و بیرونی سلامتی‘ خطہ کی صورتحال‘ افغانستان کے حالات‘ پاک افغان بارڈر مینجمنٹ‘ سول ملٹری تعلقات کی تازہ نوعیت‘ سوشل میڈیا‘ ابلاغ کے متعدد ذرائع سے افواج کے بارے میں منفی تبصروں سمیت داخلی امور پر تفصیل کے ساتھ غور کیا گیا۔ اس ذریعہ کے مطابق کمانڈروں نے کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں‘ افغان سرحد سے دہشت گردوں کے حملوں اور اس میں فوجی افسران کی شہادت بطور خاص زیرغور آئی۔ اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی جغرافیائی سالمیت اور سرحدوں کے دفاع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بات کہی گئی کہ بری فوج‘ ریاست و مملکت کے استحکام‘ قومی اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان یکجہتی کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ اس بات کا اظہار کیا گیا کہ بیرون ملک بیٹھے دشمنوں کے ایما پر افواج کے تشخص کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جسے ناکام بنایا جائے گا۔