ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے
کراچی(سپورٹس رپورٹر) ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے پاکستان پہنچ گئے۔ پی ایچ ایف آفیشلز نے استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ نشان حیدر نائن اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ 3 سے 10 اکتوبر کے درمیان کراچی میں کھیلا جائےگا جس میں شامل ٹیمیں نشان حیدر حاصل کرنے والے تمام 11 شہداءکے ناموں سے منسوب ہونگی۔ ٹیموں کے نام کیپٹن راجہ محمد سرور، میجر طفیل محمد، میجر راجہ عزیز بھٹی، راشد منہاس، میجر شبیر شریف، سوار محمد حسین، میجر محمد اکرم، لانس نائیک محمد محفوظ، کیپٹن کرنل شیر خان، حوالدار لالک جان اور نائیک سیف علی جنجوعہ رکھے گئے ہیں۔ ایونٹ میں حصہ لینے والے تمام 11 گول کیپر غیر ملکی ہونگے جن میں سے ارجنٹائن کے 4 گول کیپرز پہنچ چکے ہیں۔ ہر ٹیم 13 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز پر مشتمل ہوگی، میچز سے قبل پنالٹی شوٹ آٹس ہونگے، جو ٹیم اس میں کامیابی حاصل کرے گی اسے ایک پوائنٹ دیا جائےگا جبکہ باقی 2 پوائنٹس میچ جیتنے والی ٹیم کو ملیں گے۔