ملک بھر میں سرنج سے نشہ کرنیوالے افراد میں سے 38.4فیصد ایڈز سے متاثر
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) وزارت قومی صحت نے پانچواں قومی ایڈز سروے مکمل کروا لیا ،سرنج سے نشہ کرنے والے38.4 فیصد افراد میں ایڈز کی تصدیق ہو گئی ،سروے کے مطابق 14.6 فیصد خواجہ سراوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا وائرس پایا گیا ،ایڈز سروے کا انعقاد ملک کے 23 بڑے و صنعتی شہروں میں کیا گیا ۔سروے رپورٹ کے مطابق مارچ 2016ء کو شروع ہونے والا سروے 10 ماہ کی ریکارڈ مدت میںمکمل کیا گیا۔ 400 صفحات پر مشتمل ایڈز سروے رپورٹ آج جاری کی جائے گی۔ ایڈز سروے کے مطابق جسم فروشی سے وابستہ 2.2 فیصد خواتین ایڈز سے متاثرہ پائی گئی ہیں جبکہ جسم فروشی سے وابستہ 12.5 فیصد مردوں میں ایڈز پایا گیا ہے ۔ملک بھر سے 8606 مقامات کو قومی ایڈز سروے کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ذرائع وزارت قومی صحت کے مطابق قومی ایڈز سروے کیلئے عالمی امدادی ادارے گلوبل فنڈ نے ایک ملین ڈالر فراہم کئے۔