• news

ختم نبوت شق میں تبدیلی کے خلاف وکلا کا عدالتی بائیکاٹ‘ علما سمیت سول سوسائٹی کی احتجاجی ریلی

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) انتخابی اصلاحات بل کیخلاف پنجاب بار کونسل کی ہدایت پر لاہور سمیت مختلف شہروں میں وکلاء نے عدالتی بائیکاٹ کیا، سول سوسائٹی اور علماء نے ختم نبوت شق میں تبدیلی کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ وکلاء نے ہڑتال کی۔ بار روم کی چھتوں پر سیاہ پرچم لہرائے گئے اور سیاہ پٹیاں باندھ کر اہم مقدمات کی پیروی کیلئے عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔ وکلاء کی طرف سے عمومی مقدمات کی پیروی کے لئے پیش نہ ہونے پر ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہونے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وکلاء عہدیداروں نے انتخابی اصلاحات ترامیم کو کالا قانون قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ فرد واحد کے لئے ایسی ترامیم کی گئی جس کو وہ نہیں مانتے۔ جوہر آباد، پاکپتن، شاہ پور صدر، منکیرہ، ہارون آباد، ساہیوال، وہاڑی، بوریوالہ، شاہکوٹ اور دیگر شہروں میں بھی مختلف دینی اور سیاسی جماعتوں و تنظیموں نے مظاہرے کیا۔ مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری ،تنظیم اسلام پاکستان کے امیر حافظ عاکف سعید ، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر مولانا محمد الیاس چنیوٹی ،پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی،جمعیت علمائے اسلام (س)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرئوف فاروقی، مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور سید محمد کفیل بخاری، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، جمعیت علماء پاکستان کے صدر قاری محمد زوار بہادر، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما رانا محمد شفیق خان پسروری،انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے رہنما قاری محمد رفیق وجھوی اور قاری شبیر احمد عثمانی اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ارباب اختیار کو عقیدہ ختم نبوت جیسے حساس مسئلے کا بروقت ادراک ہوجانا خوش آئند ہے۔ تحریک حرمت رسولؐ کے مرکزی قائدین نے کہا کہ حلف نامہ میں ردوبدل پر کلیریکل غلطی کی باتیں درست نہیں‘ جمعہ کو یوم تحفظ ختم نبوت کے طور پر منایا جائے گا۔ تحریک حرمت رسولؐ کے چیئرمین مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ حکمرانوںنے اپنا اقتدار بچانے کیلئے عقیدہ ختم نبوت کو زدپہنچائی ہے۔ یہ بہت بڑا جرم ہے۔ حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ حلف نامہ میں حلف کی بجائے اقرار نامہ کا لفظ شامل کرنا مسلمانوں کے عقیدہ ختم نبوت کیخلاف ناپاک جسارت ہے۔ اعجاز چودھری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل کے نام پر ڈھونگ رچایا گیا ہم حلف نامہ میں ترمیم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ابتسام الٰہی ظہیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں سوشل میڈیا پر گستاخیاں کی گئیں گستاخ بلاگرز کو ملک سے فرار کا موقع دیا گیا۔ تحریک حرمت رسولؐ کے سیکرٹری جنرل محمد یعقوب شخ نے کہا کہ ختم نبوت کے حوالہ سے حلف نامہ میں ترمیم کرکے توہین رسالت کا ارتکاب کیا گیا۔ سردار محمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت جب تک قومی اسمبلی میں معافی نہیں مانگتی اور حلف نامہ کو اس کی اصل شکل میں بحال نہیں کیا جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت ملک کے کئی اہم عہدوں پر قادیانی تعینات ہیں انہیں فی الفور ان کے عہدوں سے ہٹایا جانا چاہئے۔ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ حکومت میں موجود بعض عناصر ایک عرصہ سے اس قسم کی ترامیم کی کوشش کر رہے تھے جس کے نتیجہ میں امریکہ و یورپ کی خوشنودی کیلئے اب یہ مذموم حرکت کی گئی۔ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں ، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الرحمن ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، علامہ زبیر احمد ظہیر، حاجی محمد طیب قادری ، مولانا ندیم سرور ، حافظ ذاکر الرحمن ، مولانا عاصم مخدوم ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا عبد اللہ رشیدی ، قاری شمس الحق ، مولانا عبد اللہ حقانی ، قاری مبشر رحیمی ، مولانا اسلم قادری نے خطاب کیا۔ جامعہ نعیمیہ لاہور کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر محمدراغب حسین نعیمی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیادی اساس ہے، وفاقی حکومت امیدوارکے حلف نامے میں’’لفظی ترمیم‘‘فی الفورواپس لے۔ جمعۃ المبارک کو پوری قوم ’’یوم احتجاج‘‘ منائے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐ کے مرکزی سربراہ اورتحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا عقیدہ ختم نبوت پر حملہ کے پیچھے نادیدہ قوتیںسن لیں پاکستان وادی عشق رسولؐ ہے۔ 295c امتناع قادیانیت آرڈیننس کو چھیڑنے والوں کو ہم ہرگز نہیں چھوڑیں گے۔ جے یو آئی کے ڈپٹی سیکر ٹری جنرل مولانا محمد امجد خان سیکر ٹری اطلاعات حافظ حسین احمد اور ڈپٹی سیکر ٹری اطلاعات مولانا صلاح الدین نے کہاکہ حکومت نے حلف نامہ اصل صورت میں بحال کر کے ملک سے بے چینی کا خاتمہ کیا ۔ اچھا اقدام ہے لیکن سوال یہ ہے کہ حلف نامہ کو اقرار نامہ کیوں بنا یا؟ کس نے بنایا ہے ؟سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اس بات کی تحقیقات کرائیں کہ یہ قدم کس نے اٹھا یا ہے؟۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی،مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کے امیرمولانا مفتی محمدحسن،مولانا عزیزالرحمن ثانی،قاری جمیل الرحمن اختر،مولانا عبدالنعیم نے مشترکہ اجلاس کے اعلامیہ میں کہاموجودہ حکومت کے قادیانی نواز اقدامات کی وجہ سے امت شدید اشتعال واضطراب میں مبتلا ہے۔وفاقی وزیرقانون نے روائتی طفل تسلی سے کا م لیا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی و پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے انتخابی اصلاحاتی بل میں ترمیم کی شدید مذمت کی۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ وزیر قانون زاہد حامد کو فوراً معطل کرکے گرفتار کیا جائے کیونکہ وزیر قانون نے آئین پاکستان کی خلاف ورزی کی۔

ای پیپر-دی نیشن