• news

راجہ پرویز اشرف کے خلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) نیب نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی۔ نیب اعلامیہ کے مطابق انکوائری بند کرنے کا فیصلہ عدم ثبوتوں کی بنیاد پر کیا گیا۔ چیئرمین نیب قمر زمان چودھری کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 2 کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب کے مطابق سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک سید آصف ہاشمی کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آصف ہاشمی پر 777 افراد کی غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ غیر قانونی تعیناتیوں سے قومی خزانے کو 77 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ نیب نے نواب تیمور تالپور کیخلاف 3 انکوائریاں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیمور تالپور کیخلاف انکوائریاں آمدن سے زائد اثاثوں پر کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی عظمت حیات کیخلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عظمت حیات خان پر اضاخیل میں یونیورسٹی کیلئے زمین مہنگے داموں خریدنے کا الزام ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے حکام کیخلاف بھی انکوائری کی منظوری دی۔ انکوائری یوتھ فیسٹیول فنڈز میں خوردبرد کے الزام میں کی جائیگی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پنجاب یوتھ فیسٹیول فنڈز میں کرپشن پر انکوائری شروع کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کسب کو بینک اسلامی میں ضم کرنے میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے پر سٹیٹ بنک اور بینک اسلامی کے افسروں کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن