کنٹرول لائن: بھارتی گولہ باری‘2 بچے شہید‘2 خواتین زخمی‘ جوابی کارروائی میں دشمن کے3 فوجی ہلاک
اسلام آباد/راولپنڈی /راولا کوٹ (سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی+این این آئی+آئی این پی+اے ایف پی)بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پر ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے دیہی آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ سے دو بچے شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق بھارتی فوج نے راولا کوٹ اورچڑی کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کر دی، جس میں دیہی آبادی کو نشانہ بنایا گیا، فائرنگ سے دو بچے شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن پرکاکوٹا، شفر، سیریان، ناراکوٹ کی آبادی کو نشانہ بنایا۔بھارتی مارٹر گولے گائوں شفرمیں سخی کیانی کے گھر پرگرے۔پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا جس سے دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کنٹرول لائن پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا اور بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج کی چوکیوں سے بھارتی چوکیوں کے خلاف موثر کارروائی کی جاتی رہی ۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت اور 5 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ بھرپور جوابی کارروائی میں متعدد بھارتی چوکیاں تباہ ہو گئیں۔ مقامی حکومتی عہدیدار قیصر اورنگزیب کے مطابق بھارتی فائرنگ سے 2 بہن بھائی شہید اور دو خواتین زخمی ہوئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر قیصر اورنگزیب نے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز صبح 6 بجے ہوا اور یہ سلسلہ 9 بجے تک جاری رہا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شیلنگ کی زد میں آکر حاجی سخی محمد کیانی کے دو بچے ذکیہ اور کاشف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا مکان تباہ ہوگیا۔اس کے علاوہ بھارتی فورسز کی شلینگ سے 60 سالہ نازیہ بیگم اور 35 سالہ کوثر زخمی ہوگئیں جنہیں علاج کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر عباس پور منتقل کیا گیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاکستان سکیورٹی فورسز کی بھرپور کاروائی قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے دو بچوں کے شہید ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بھرپور کاروائی قابل تعریف ہے۔سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کاروائی سے دشمن کی توپوں کو خاموش کردیا۔وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ متاثرہ خاندانوں کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے ‘ پاک فوج ہرجارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔شہبازشریف نے ایل او سی پر بھارتی گولہ باری کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا پوری قوم بہادرپاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ عالمی اداروں کو ایل او سی پرشہری آبادی پر بھارتی گولہ باری کا نوٹس لینا چاہئے۔بھارت کاجنگی جنون خطے میں امن کیلئے خطرہ ہے۔ بھارتی فوج کی شہری آبادی پرفائرنگ انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔دریں اثناء دو بھارتی سفارتکاروں کو دفتر خارجہ طلب کرکے بلااشتعال فائرنگ سے دو بچوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔