ہائیکورٹ نے نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف خلاف غداری کے مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرکے لاہور پولیس سے جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق سابق وزیر اعظم نے عوام کو قومی اداروں کے خلاف اکسایا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے جواد اشرف ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں پولیس کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق نوازشریف نے عدالت سے نااہلی کے فیصلے کے بعد اسلام سے لاہور تک ایک ریلی نکالی اور ریلی کے دوران عدلیہ مخالف تقاریر کیں. درخواست گزار کے مطابق سابق وزیراعظم نے تقاریر میں عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور قوم کو اداروں کیخلاف اُکسایا۔ نوازشریف کی تقاریر غداری کے زمرے میں آتی ہے۔ غداری کے الزام میں مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دی لیکن پولیس قانونی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ تھانہ ڈیفنس اے پولیس کو مقدمے درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے پولیس سے 6 نومبر کیلئے جواب مانگ لیا ہے۔