پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا: جنرل زبیر محمود پاک فضائیہ کے آپریشنل ائربیس کا دورہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل ائربیس کا دورہ کیا۔ ائربیس آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نئے تعمیر کئے گئے ائر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کا دورہ کیا اور انہیں ائیر بیس پر جاری فضائی مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس، پریمیئر ادارہ ہے جو پاک فضائیہ کے پائلٹوں کے علاوہ دوست ممالک کے پائلٹوں کو بھی ملٹی نیشنل تربیتی مشقوں کے دوران بہترین تربیت فراہم کرے گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کو یہ بتایا گیا کہ رواں ماہ پاک فضائیہ 19 ممالک کی فضائی افواج کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں کا انعقاد کرے گی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے اپنے دورے کے دوران شہرہ آفاق نمبر 9 ملٹی رول سکواڈرن کے F-16 طیارے میں ایک تربیتی مشن میں بھی حصہ لیا۔ مشن مکمل کرنے کے بعد چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے سکواڈرن کے فضائی اور زمینی عملہ کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور کہا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب میں کلیدی کردار ادا کیا اور تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی سے اس جنگ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ائیر چیف نے تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی سے ملکی فضائی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری سب سے مقدم ہے اور پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہر ضروری اقدامات کرے گی۔