کراچی: تین گھنٹے میں 5خواتین چاقو حملے کا شکار، حملہ آور نے کیا سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے، وزیراعلیٰ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ کرائم رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) کراچی میں خاتون چاقو کے حملے سے زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو گھر کے سامنے چاقو مارا گیا۔چاقو سے حملے کے ایک گھنٹے میں دوسری واردات ہوئی۔ نیپا چورنگی کے قریب چاقو کے وار سے ایک اور لڑکی زخمی ہوگئی۔ زخمی لڑکی اردو یونیورسٹی کی طالبہ ہے۔ طالبہ کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ چاقو بردار حملہ آورنے ایک گھنٹے میں 3خواتین کو نشانہ بنایا۔ خاتون کو چاقو مارنے کی تیسری واردات ڈالمیامیں ہوئی۔ ملزم نے لڑکی پر چاقو سے حملہ کیا۔ ڈی ایس پی شارع فیصل نے میڈیا کو بتایا کہ ڈالمیا میں زخمی لڑکی نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزم نے لڑکی کے ہاتھ پر بھی وار کیا۔ والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ بیٹی قریبی پارک سے گھر واپس آرہی تھی بیٹی کوکمر میں زخم آیا۔ جناح ہسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ چوتھا حملہ گلشن اقبال میں کیاگیا۔لڑکی کے والد نے 24گھنٹے میں ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چاقو مارنے کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے کہا ہے کہ یہ کیا ہورہا ہے اور ملزم نے کونسی سی سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے جو پولیس کو نظر نہیں آرہا۔ اس طرح تو فلموں میں ہوتا ہے حقیقت میں نہیں کہ ملزم ہیلمٹ پہن کر نکل جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش ہورہی ہے۔ انہوں نے مجرم کو فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز محمد سعید نے کہا ہے کہ چھر امارنے والے ملزم کو جلد پکڑ لیں گے ۔ پولیس کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔ بچیوں کو چھریاں مارنے والا کوئی گروپ نہیں ایک ملزم ہے۔ گلشن اقبال بلاک9 ویلفیئر سوسائٹی میں چاقو کے وار سے 13سالہ لائبہ زخمی ہوئی۔دوسری طرف شارع فیصل پولیس نے نامعلوم شخص کے حملے میں چھری سے زخمی ہونیوالی 19 لڑکی کے والد کو حوالات میں بند کرنے کے بعد چھوڑ دیا۔ لڑکی کا باپ مقدمہ درج کرانے آیا تھا۔ علاوہ ازیں کراچی سے کرائم رپورٹر کے مطابق کورنگی میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں دو ڈاکوئوں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ تشدد سے ہلاک کئے جانے والے شخص کی نعش انڈس چورنگی کے قریب جھاڑیوں سے ملی۔ مقتول کی عمر تقریبا 60 سال تھی۔ گلستان جوہر میں شہری سے مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ ملزم پرفیوم چوک پر لوٹ مار کرکے فرار ہورہے تھے کہ کار سوار شخص نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں رینجرز کی کارروائی ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے تین ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا۔ رینجرز کے دعویٰ کے مطابق تینوں گرفتار ملزموں نے 30 جولائی 2017ء کی رات شاہ فیصل کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین یونین کونسل نمبر13 راشد عرف ماموں کو قتل کیا تھا۔ گرفتار شدگان میں آصف رئیس ،شاہد عزیز اور دانش خان شامل ہیں۔