بلوچستان کے محب وطن قبائل، سیاسی و عسکری قیادت کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے: ثناءاللہ زہری
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے محب وطن قبائل اور سیاسی و عسکری قیادت صوبے اور ملک کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان اور بلوچستان سب کا ہے باہر بیٹھے لوگ سدھر جائےں اور واپس آکر قومی دھارے میں شامل ہوجائیں اگر وہ نہیں سدھریں گے تو ہم انہیں راہ راست پر لے آئیں گے۔ صوبے میں سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان مثالی تعلقات ہیں جس میں لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تبدیل ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کے اعزاز میں اپنی جانب سے دئیے گئے الوداعی ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزرا¿ اور اراکین صوبائی اسمبلی، سینیٹر آغا شاہ زیب درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس اور صوبائی سیکرٹریوں نے بھی ظہرانے میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے بلوچستان میں اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران نہ صرف سیاسی وعسکری قیادت کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا بلکہ بلوچستان میں امن کے قیام کےلئے صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت بھی کی اور یہاں کے لوگوں کو عزت واحترام دیا۔ انہوں نے کہاکہ تبادلے سروس کا حصہ ہیں لیکن عامر ریاض نے جو تعلق بلوچستان کے ساتھ قائم کیا وہ ہمیشہ رہے گا۔
ثناءاللہ زہری