• news

جانوروں کا عالمی دن منایا گیا ‘لاہور میں تقریب، نومولود چیتے کی نمائش کی گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی گذشتہ روز جانوروں کا عالمی دن منایا گیا۔ اس حوالے سے خصوصی تقریب لاہور چڑیا گھر میں منعقد ہوئی جس میں نومولود چیتے کے بچے کو نمائش کیلئے بھی پیش کیا گیا۔ مزید برآں تفریح کے لئے آئے بچوں کی جانوروں بارے معلومات میں اضافے کے لئے حنوط شدہ جانوروں کے سٹالز اور خصوصی طور پر محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے مختلف جانوروں بارے معلوماتی کتابچوں اور سٹکرز کا بھی سٹال لگایا گیا تھا جو تفریح کے لئے آنے والے افراد خصوصاً بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر چڑیاگھر حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر چڑیاگھر تنویر جنجوعہ، محکمہ کے دیگر افسران و سٹاف، میڈیا کے نمائندے، یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات اور چڑیاگھر میں سیر کے لیے آنیوالے شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ خالد عیاض خان نے کہا کہ جنگلی حیات ہماری بھرپور توجہ کی متقاضی اور ماحول کی خوبصورتی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی معدوم ہوتی نسلوں کی حفاظت اور ان کی مناسب دیکھ بھال کرنا ہمارا انسانی و دینی فریضہ ہے۔
جانوروں کا دن

ای پیپر-دی نیشن