ٹرین حادثات کی روک تھام کےلئے نظام لایا جا رہا ہے:خواجہ سعدرفیق
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کی سوا سو برس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرین حادثات کی روک تھام کے لئے نظام لایا جا رہا ہے، ملک بھر میں لیول کراسنگز پر ٹرین اپروچنگ وارننگ سسٹم اور لوکوموٹیوز میں ٹرین کولیزن ایوائیڈنگ سسٹم تجرباتی بنیادوں پر لگائے جا رہے ہیں، لاہور میں ایک اعلی سطح کے اجلاس میں ریلوے افسران نے حفاظتی ضروریات کے لئے ڈیزائن کئے گئے سسٹمز کی فعالیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ٹرینوں کو حادثات سے بچانے کے لئے نظام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اب اس نظام کی تنصیب میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جا،سکتی۔وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمونے کے پانچ نظام دسمبر کے آغاز تک لگا دئیے جائیں گے جو وائر لیس ہوں گے۔ ریلوے پٹڑی کے ساتھ ہر لیول کراسنگ پر دونوں اطراف میں تین کلومیٹر کے فاصلے پر سینسرز لگائے جائیں گے اور انہیں شمسی توانائی سے بلا تعطل توانائی فراہم کی جائے گی۔ لیول کراسنگ پر لائیٹ اور الارم دونوں نصب ہوں گے اور یہ سسٹم الارم اور ویڈیو کا پندرہ روز تک ریکارڈ بھی محفوظ رکھ سکے گا، اس سسٹم کے ضوابط کو ٹرین ڈرائیوروں کی تربیت کے نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔