بچوں کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دینگے‘ اسی لئے میڈیکل انٹری ٹیسٹ دوبارہ لینے کا حکم دیا: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے انٹری ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیکر دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد وحید نے درخواستوں پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت نے معاملے انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ پرچہ آؤٹ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کوبھی عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے عدالت میں میڈیکل کالج کے انٹری ٹیسٹ میں داخلے کا ٹیسٹ آؤٹ ہونے کے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ جمع کرانے کے بعد عدالت نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کو دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دے دیا ہے۔عدالت نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ لیک کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ عدالت کسی کو بھی بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیاتھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی غفلت کے باعث پیپر لیک ہو گئے جس کی وجہ سے محنتی، ذہین اور میرٹ پر پورا اترنیوالے طلبہ کو کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔