ختم نبوت حلف نامہ کی بحالی ‘ مذہبی جماعتوں نے یوم تشکر منایا‘ مظاہرے زاہد حامد کی برطرفی کا مطالبہ
لاہور + فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) ملک بھر میں مذہبی جماعتوں نے ختم نبوت حلف نامہ کی بحالی کے فیصلہ پر یوم تشکر منایا جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تبدیلی کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے‘ مختلف شہروں میں مظاہروں کے دوران وزیر قانون زاہد حامد کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کی اپیل پر ملک کے طول وعرض میں یوم تشکر منایا گیا اور انتخابی اصلاحات بل کی آڑ میں نامزدگی پیپرز میں سے ختم نبوت والے حلف نامے کو نکالنے کے عمل بد کو ایک گہری سازش قراردیا گیا۔ خطبات جمعۃ المبارک کے موقع پر اظہار تشکر کے حوالے سے مساجد میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر قانون سمیت اس جرم کے مرتکبین کے خلاف کارروائی کرکے نشان عبرت بنائے جائے۔ مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کی آئینی حیثیت کے خلاف ماضی میں بھی کئی دفعہ سازشیں ہوئی اور امریکہ اور مغرب کے ایما پر کئی وار ہوئے لیکن اللہ نے اپنے خاص فضل وکرم سے ہمیشہ دشمنوں کو ناکام ونامراد کیا اور اہل حق کو کامیابیاں عطا فرمائیں۔ حقوق اہلسنت محاذ کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم عظمت تاجدارِ ختم نبوتؐ منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے تحفظ ختم نبوتؐ کے موضوع پر خطابات کئے اور زاہد حامد کی برطرفی کامطالبہ کیا جبکہ نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ مرکزی امیر پیر سید شاہد حسین گردیزی، صاحبزادہ سید مختار رضوی، مفتی محمد جمیل مولانا سید اقبال حسین، چوہدری محمد یوسف، پروفیسر محمد حسین اور دیگر نے خطاب کیا۔ تحریک لبیک یا رسول اللہؐ اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کی دعوت پر ملک بھر میں یوم تاجدارِ ختمِ نبوت منایاگیا۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں ایک قومی کمشن تشکیل دیا جائے جو ہمہ وقت عقیدہ ختم نبوت کے خلاف ہونے والی سازشوں پر نظر رکھے اور ان کا تدارک کرے۔ پاک فوج کے پالیسی بیان نے پاکستانی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔پاکستان علماء کونسل (قاسمی) کی اپیل پر ملک بھر میں ’’تحفظ ختم نبوت ؐ ‘‘کے عنوان پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے فیصل آباد، میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کے حلف نامہ کو اقرار میں تبدیل کرنے والے اشخاص کے چہرے بے نقاب کئے جائیں۔ جمعیت علماء پاکستان کے صدر علامہ قاری محمد زوار بہادرکی اپیل پر جے یو پی کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یوم ختم نبوت ‘‘منایا گیا۔ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت کے حلف میں ترمیم پر دستخط کرنے والے تمام ممبران اسمبلی نااہل ہو چکے ہیں۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر اور دیگر نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت پر خطبات جمعہ دئیے۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کی اپیل پر ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ختم نبوت‘‘ منایا گیا، احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں اورکانفرنسیں منعقد کی گئیں۔ لاہور میںجی ٹی روڈ پر بہت بڑا ختم نبوت مارچ کیا گیا مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے رہنمائوں نے مطالبہ کیاکہ الیکشن بل میںختم نبوتؐ کا حلف نامہ بدلنے والوں کا محاسبہ کیاجائے۔ ’’ورلڈ پاسبان ختم نبوت ‘‘، جے یو آئی، جے یو پی، جماعت اسلامی، جمعیت اہلحدیث، جمعیت اہلسنت، تحریک ملت جعفریہ اور علماء و مشائخ اہلسنت نے ختم نبوت کا حلف نامہ دوبارہ بحال کرنے پر جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم تشکر منایا۔ لاہور مرکز تحفظ ختم نبوت میں پیر سید ولی اللہ شاہ بخاری کی زیر صدارت یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی صفوں میں گھسے یہودی و قادیانی لابی کے آلہ کاروں پر کڑی نگاہ رکھے۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ،حافظ عبدالغفار روپڑی،سیف اللہ خالد، محمد یعقوب شیخ و دیگر نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں مسلمانوں پر عقیدہ ختم نبوت اور توہین رسالت کے حوالہ سے قوانین ختم کرنے کیلئے دبائو بڑھا رہی ہیں۔ اس مسئلہ پر کسی صورت خاموش نہیں رہا جاسکتا۔ جماعۃ الدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران کہاکہ برصغیر میں قادیانیت کا فتنہ سازش کے تحت کھڑا کیا گیا۔ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں ’’یوم تحفظ ختم نبوت ؐ یوم تشکر ‘‘ کے موقع پر پاکستان علماء کونسل کے قائدین وائس چیئرمین مولانا محمد ایوب صفدر‘ مولانا اسد اللہ فاروق (لاہور) نے جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کیا۔ جمعیت علماء اسلام نے یوم تشکر منایا۔ جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ حلف نامہ حذف کر نے کے پیچھے ایک بڑی سازش ہے جسے بے نقاب کرنا موجودہ اور سابق وزیر اعظم کی اولین ذمے داری ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبوت ریلی جامعہ مسجد رحمانیہ اہلحدیث سے شیخوپورہ روڈ ملت چوک تک نکالی گئی۔پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر’’تحفظ ختم نبوتؐ‘‘کے عنوان پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے۔ انتخابی اصلاحات بل میں ختم نبوتؐ کے حلف نامہ میں تبدیلی کی کوششوں کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق حلف نامہ بحالی کی ترمیم منظور ہونے پر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پرسندھ بھر سمیت کراچی میں جمعۃ المبارک کو یوم تشکر کے طور پر منایاگیا۔ جمعیت علماء پاکستان نورانی کے ضلعی صدر پیر محمد عبدالستار نورانی کی اپیل پر فیصل آباد میں بھی پورے پاکستان کی طرح یو م تحفظ ختم نبوت منایا۔ جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی کی اپیل پر ملک بھر میں عوام اہل سنت نے پارلیمنٹ کی طرف سے حلف نامہ ختم نبوت میں ترمیم واپس لے کر پرانا حلف نامہ بحال کرنے پر یوم تشکر منایا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ قادیانیوں کو دوبارہ مختلف حیلے بہانوں سے مسلمانوں میں شامل کرنے کے لئے درپردہ سازشیں کررہا ہے، وہ اپنے ایمان پر غور کرے۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار کی اپیل پر یوم تحفظ ختم نبوت ؐیوم تشکر کے طور پر منایا گیا، جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی کی قیادت میں لاہور میں چوک دالگراں میں اور گارڈن ٹاؤن میں پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہر روپڑی کی قیادت میں جمعہ کی نمازکے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر قاری محمد بوٹا جٹ سٹی صدر ڈاکٹر حبیب الرحمان حافظ طاہر رضا قادری سید عرفان شاہ مجددی سید زین العابدین سید وسیم الحسن شاہ قاری وسیم الحسن شاہ قاری محمد اشرف و دیگر مقررین نے اپن خطابات میں مطالبہ کیا کہ الیکشن بل میں ختم نبوتؐ کا حلفہ نامہ بدلنے والوں کا محاسبہ کیا جائے۔ جماعت اہلسنت کے زیراہتمام ملک گیر ’’یوم ختم نبوت‘‘ منایا گیا۔ مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ختم نبوت کا حلف نامہ تبدیل کرنے کی سازش میں شامل تمام کرداروں کو نشان عبرت بنایا جائے۔ جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان اسلام کا بنیادی تقاضا ہے۔ تحریک لبیک یارسولؐ کے زیراہتمام ملک بھر میں یوم تحفظ ختم نبوت منایا گیا اس سلسلے میں جلوس نکالے گئے اور جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں تحفظ ختم نبوت پر روشنی ڈالی گئی۔ لاہور میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک مرکزی تحفظ ختم نبوت مارچ کیا گیا جس کی قیادت مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی نے کی۔ مجلس وحدت مسلمین، جمعیت علمائے پاکستان نیازی اور اتحاد امت مصطفیٰؐ کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔پیر عثمان نوری، علامہ جاوید اکبر ثاقی، ڈاکٹرامجد چشتی،پیر اختررسول اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں علامہ مبارک موسوی،علامہ حسن ہمدانی اور سید حسین زیدی نے کی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مرکزی انجمن تاجران ضلک شیخوپورہ کے زیراہتمام بعدازاں نماز جمعہ ’’یوم تحفظ ختم نبوت‘‘ کے طور پر منایا گیا اور پرامن احتجاجی ریلی نکالی جو مرکزی دفتر خادم حسین روڈ سے شروع ہوکر پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ قیادت چیئرمین مرکزی انجمن تاجران الحاج ملک محمد اسلم بلوچ نے کی انکے ہمراہ نائب صدر الحاج شیخ عبدالحفیظ بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے جدہ میں جے یو آئی کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ ہم نے حکمران جماعت کو ترمیم واپس لینے پر آمادہ کیا۔ ہمارے مطالبے پر24 گھنٹوں میں ترمیم واپس ہوئی ہے‘ ملک میں قانون سازی لوگوں کو پھنسانے اور چھڑانے کیلئے کی جا رہی ہے۔