• news

لندن: سیاہ فام نے کار راہگیروں پر چڑھا دی‘11 زخمی

لندن (صباح نیوز+ اے ایف پی) نیچرل ہسٹری میوزیم کے قریب ایک شخص نے کار لوگوں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے قریب سیاہ فام شخص نے تیز رفتار کار لوگوں پر چڑھا دی۔ ہفتے کے روز غیر ملکی سیاحوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میوزم آتی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پیدل مسافروں پر گاڑی چڑھانے کے واقعے کے بعد انہوں نے گاڑی کے پاس ایک شخص کو ہتھکڑیوں میں دیکھا جس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا تھا جبکہ وہ مسکراتے ہوئے خود کو بافخر محسوس کر رہا تھا۔ تاہم برطانوی حکام نے واقعے کو ’دہشت گردی‘ قرار نہیں دیا۔ واقعہ کے بعد قریبی دکانیں اور چند سڑکیں بھی بند کرا دی گئیں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کے اصل محرکات جاننے کی کوشش کر رہی ہے اور مزید معلومات صورتحال واضح ہونے کے بعد فراہم کی جائے گی۔ ڈاؤننگ سٹریٹ کے بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم تھریسا مے کو واقعے سے متعلق بریف کیا گیا۔ واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران برطانیہ میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کے بعد دہشت گردی کے خطرات کے لیول کو ’شدید‘ کیا جاچکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن