2014ء میں حکومت کے خلاف منظم سازش ہوئی‘2017ء میں حملہ کر کے وزیراعظم کو نااہل کر دیا: وزیر داخلہ
نارووال (نامہ نگار+این این آئی+صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے 2014 میںمنظم سازش کے تحت منتخب حکومت پر حملہ ہو اور 2017 میں ایک اورحملہ کر کے وزیر اعظم کو نااہل کر دیا گیا،پاکستان کو اس دلدل سے نکلنے نہیں دیاگیا جہاں آئینی اور جمہوری نظام مستقل چلے، 2013 میں دہشتگردی اور بدامنی تھی آج ملک امن کی طرف لوٹ رہا ہے، بیسویں صدی کے اختتام پر سیاسی نظریات کا دور ختم ہوگیا ہے، معاشی طور پر کمزور ملک اپنی حفاظت نہیں کر سکتے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نارووال سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا غیر ملکی جریدے نے پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیا اور سرمایہ دار یہاں سے چلے گئے تھے لیکن ہم نے 2013 میں پیغام دیا ملک کو ترقی کرنی ہے تو ہم پر اعتماد کریں، ہم نے عوام سے کئے وعدے پورے کئے ہیں۔انہوں نے کہا ہم نے توانائی کا وعدہ پورا کیا۔ ملک میں بجلی کا بہت بڑا بحران تھا ،20،20 گھنٹے بجلی نہیں آتی تھی لیکن اب بجلی بحران ختم ہوگیا ہے اور 20گھنٹے بجلی آتی ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا ہے۔ آج کا پاکستان توانائی کے لحاظ سے2013 سے بہت بہتر ہے۔ نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہمارا مستقبل آئینی حکمرانی اور مضبوط اداروں سے وابستہ ہے، ہم مولوی تمیزالدین، نصرت بھٹو، ظفر علی شاہ اور پی سی او ججز جیسے عدالتی فیصلوں کے متحمل نہیں ہو سکتے، آج پاکستان ڈوبتا ہوا پاکستان نہیں بلکہ ابھرتا ہوا پاکستان ہے، کسی بھی درجہ چہارم کے ملازم کو عدالت تین اپیلوں کا حق دیتی ہے مگر ملک کے منتخب وزیراعظم کو اپیل کا حق بھی نہ دیا گیا، وکلاء برادری آج بھی بھٹو فیصلے کو ناانصافی قرار دیتی ہے تو اس فیصلے پر بھی تحفظات رکھنا ہمارا حق ہے، تاریخ بتائے گی پانامہ کا فیصلہ ملکی تاریخ کا مہنگا ترین فیصلہ ثابت ہو گا، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس پر کسی بھی قسم کی سیاست کو نہ ہی چمکایا جائے اور نہ فتوے جارے کئے جائیں۔ اس موقع پر صدر بار عمر فاروق چوہدری،ایم پی اے خواجہ محمد وسیم بٹ،رانا منان احمد خان،ضلعی چیئرمین احمد اقبال چوہدری، چیئرمین بلدیہ سید اظہر الحسن گیلانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وکلاء نے وفاقی وزیر سے سوالات بھی کئے جن کا وفاقی وزیر نے جواب دیا۔ بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ پروفیسرا حسن اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرانتظام بننے والے کینسر تشخیصی سینٹر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے تمام کینسر ہسپتالوں کو جدید مشینری مہیا کر رہے ہیں تاکہ پاکستان میں ہی غریب مریضوں کا علاج ممکن ہو سکے۔ نارووال اٹامک انرجی کینسر سنٹر کا منصو بہ انشا اللہ 8 ما ہ کی ریکا رڈ مدت میں مکمل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع نارووال میں انجینئرنگ یونیورسٹی کے کیمپس، یونیورسٹی آف گجرات کے بعد بہت جلد نارووال میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے ذریعے تعلیمی حوالے سے ضلع نارووال بہترین تعلیمی اضلاع میں شمار ہو گا۔این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا کامیاب حکومتی پالیسیوں سے امن لوٹ رہاہے۔ انہوں نے کہا ہم ملک میں کسی بھی قسم کا مذہبی تہوار بغیر سیکیورٹی کے ادا نہیں کر سکتے اس کا مطلب یہی ہے ہمارے گھر میں کچھ خرابی ہے جس کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے ، انہوں نے کہا ہماری قوم اتنی ہی ایماندار ہے جتنی کوئی اور قوم ہے لیکن ستیاناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ نے سیاسی مفادات کیلئے اس ملک کے نوجوانوں کے اندر بد اعتمادی ، مایوسی کی فضا پیدا کرنی شروع کی ہوئی ہے۔ ہمیں امید اور اعتماد پھیلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان بائولنگ پر ماہرانہ رائے دیں تو تسلی سے سنوں گا ‘وہ ہمیں ترقی پر لیکچر دیں تو میں ان کی بات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دوں گا کیونکہ عمران خان نے ساری زندگی ایک یونین کونسل تک نہیں چلائی۔ انہوں نے کہا ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی کو خوش کرنے کیلئے نہیں لڑ رہے ، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ قائداعظمؒ کے پرامن پاکستان کو حاصل کرنے کیلئے کر رہے ہیں۔ ہم دفاع پاکستان کیلئے متحد ہیں ،ملک کیخلاف کسی کو میلی نظر سے دیکھنے نہیں دینگے اور جو لوگ انتشار اور افراتفری کی سیاست کر رہے ہیں وہ ملک کو کمزورکرنے کی کو شش کر رہے ہیں میں ان کو خبردار کر تا ہوں 2018 کے الیکشن میں عوام ان کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔ میں نے چھ ماہ پہلے کہا تھا کہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے اور پانامہ کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے عمران خان نے تمام الیکشنز میں ناکامی کے بعد سازش کا راستہ چنا۔ عمران خان اور شیخ رشید مسلم لیگ (ن )اور فوج کو لڑانے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں ۔ ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ہر صورت میں مکمل ہو گا جس سے نہ صرف پاکستان بلکے پوری خطے میں خوشحالی آئے گی۔ سی پیک کو چار سال میں کاغذ کے ٹکڑے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں تبدیل کر کے دنیا کو دنگ کر دیا ۔صباح نیوز کے مطابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ماضی سے ناطہ توڑنے کے لئے اپنا گھر ٹھیک کرنا پڑے گا۔بعض عالمی طاقتیں اوران کے آلہ کار پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں اوراس عمل میں چند پاکستانی سیاستدان جو مایوس ہوچکے ہیں وہ بھی شامل ہیں، ایسے سیاستدان فوج اور(ن( لیگ کے درمیان لڑائی چاہتے ہیں اور شیخ رشید تو کبھی ڈی جی آئی ایس پی آر اور کبھی سپریم کورٹ کے رجسٹرار بن جاتے ہیں لیکن عسکری قیادت کو احساس ہے کہ پاکستان کا مستقبل آئین اور جمہوریت کے تسلسل میں ہے۔آن لائن کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو میں احسن اقبال نے کہاکہ شہبازشریف کا بیان کی ذاتی رائے ہے۔ مسلم لیگ (ن) میں کوئی دھڑا نہیں‘ ہم ساتھ نہ ہوتے تو پیپلز پارٹی حکومت مدت پوری نہ کر پاتی۔ احتساب عدالت کے باہر مجھے کسی نے نہیں روکا‘ ہم صرف یہ جاننا چاہتے ہیں ناکہ کس کے کہنے پر لگایا گیا۔