;;لکی مروت میں 3 روزہ تبلیغی اجتماع آہوں‘ سسکیوں میں اختتام پذیر
لکی مروت (صباح نیوز) لکی مروت میں منجی والا لنک روڈ پر پہاڑ خیل تھل کے نزدیک منعقدہ تین روزہ تبلیغی اجتماع آہوں اور سسکیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ تین روزہ اجتماع میں ملک بھر سے بالعموم اور خیبر پی کے سے بالخصوص لاکھوں افراد نے شرکت کی اجتماع کے آخری روز اجتماعی دعا میں شرکت کیلئے عوام کا جم غفیر پنڈال میں اُمڈ آیا۔ معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے اجتماع دعا کرائی۔ پنڈال میں شریک لاکھوں افراد گڑا گڑا کر اللہ تعالیٰ کے حضور گناہوں کی معافی مانگتے رہے‘ ملک کی ترقی ، بقا، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تبلیغی جماعت کے اہم رہنما اور معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے لیکن اس کے ماننے والے ایک دوسرے کے گلے کاٹ رہے ہیں ہمیں عبادات کے ساتھ ساتھ اعمال اور اخلاق پر بھی زور دینا چاہیے اچھے اخلاق والے عبادت گزاروں سے بہتر ہیں وہ تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے دن نماز مغرب کے بعد لاکھوں افراد سے خطاب کررہے تھے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ لوگوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق زندگی ڈھالنے اور انہیں حضرت محمد کے اخلاق سکھانے کی سب سے بڑی ذمہ داری علماءکرام پر عائد ہوتی ہے علماءکو چاہیے کہ وہ منبر و محراب سیاست کے لئے استعمال نہ کریں بلکہ لوگوں کو پیارے نبی حضرت محمد کے اخلاق سکھائیں انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے بڑی بڑی نشانیاں چھوڑی ہیں ہمیں چاہیے کہ اسلامی تعلیمات عام اور دین پر عمل کرکے معاشرے سے خوف ختم کریں۔ علاوہ ازیں تبلیغی اجتماع سے واپسی پر بنوں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا اطلاعات کے مطابق مومند خیل وزیر قبیلے سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما حکومت خان راستے میں مخالفین کی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ملزمان واردات کے بعد فرار ہوگئے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ مزید برآں ڈی پی او سید خالد ہمدانی تین روزہ تبلیغی اجتماع کے دوران بہترین ٹریفک منیجمنٹ اور ہیلپ ڈیسک و کمانڈ پوسٹ میں ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروںکی ستائش کے لئے ان کے پاس پہنچ گئے اجتماع کے خاتمے پر ضلعی پولیس سربراہ نے ٹریفک پوائنٹس، ہیلپ ڈیسک اور کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا اور وہاں تعینات اہلکاروں کی خوش اسلوبی کے ساتھ فرائض انجام دینے پر تعریف کی ۔ اس موقع پر وہ پولیس اہلکاروں سے فرداً فرداً ملے اور انہیں شابا ش دی انہوں نے ماتحت پولیس افسران و اہلکاروں کے لئے توصیفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔
تبلیغی اجتماع