• news

قومی اسمبلی میں سرائیکی صوبے کا بل پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے: غضنفر مہدی

اسلام آباد(آئی این پی)ممتاز سکالر اور ورلڈ سرائیکی کانگریس کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی نے جمشید دستی رکن قومی اسمبلی کی طرف سے سرائیکی صوبے کا بل پیش کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے وفاق پاکستان مضبوط ہوگاانہوں نے کہا کہ خداوند کریم کا شکر ہے کہ اس بل کے پیش کرنے کی سعادت کسی جاگیردار ،وڈیرے یا سرمایہ دار کو نہیں ملی بلکہ ایک ایسے شخض کو ملی جو عوام کے درمیان رہتا ہے اور عوام کے دکھ درد سے روشناس ہے۔ وہ ورلڈ سرائیکی کانگریس کی مجلس عاملہ سے خطاب کررہے تھے ۔ ڈاکٹر غضنفر مہدی نے کہا کہ سرائیکی عوام محرومیوں اور مظلومیت کے باوجود پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں انہوں نے کہا کہ سرائیکی علاقے کی پیداوار کا بڑا حصہ اپر پنجاب کے ترقیاتی پروگراموں پر خرچ ہوتا ہے اور ان علاقوں میں بے روزگاری ،مہنگائی ،بیماری اور تنگ دستی عروج پر پہنچ چکے ہیں ان سماجی عوامل کی بنیاد پر ان علاقوں میں لوگ تنگ آکر خود کشی کر رہے ہیں ڈاکٹر مہدی نے ارکان پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ سرائیکی صوبے کے بل کی بھرپور حمایت کی جائے۔اجلاس میں رفعت حیات خان ڈاہا سابق رکن قومی اسمبلی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے دعائے صبر جمیل کی گئی۔
جمشید دستی

ای پیپر-دی نیشن