• news

ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے رابطے کا خط مسلم لیگ ن میں دراڑ ڈالنے کی کوشش تھی: وزیر داخلہ

نارووال/ اسلام آباد (نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے تحریک انصاف بیلٹ کی بجائے چور دروازے پر یقین رکھتی ہے، میرا ا قامہ چیلنج کرنے پر پی ٹی آئی کو خوش آمدید کہتا ہوں لیکن ان کو ہمیشہ کی طرح ناکامی کا سامنا ہو گا۔ قبل ازیں انجمن شہریاں اور انجمن تاجراں کی طرف سے وزیر داخلہ احسن اقبال کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ محمد وسیم بٹ، ضلع چیئرمین احمد اقبال، چیئرمین بلدیہ پیر سید اظہرالحسن گیلانی، ضلعی صدر ن لیگ ملک طارق اعوان، مسلم لیگ ن ضلع کے سینئر نائب صدر سعید الحق، ڈپٹی کمشنر علی قمر عنان کے علاوہ معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے احسن اقبال نے کہا کہ امریکی وزیر داخلہ کا سی پیک کے متعلق بیان سے عوام کو سمجھنا چاہئے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا قصور کیا تھا، میاں نواز شریف کی بدولت سی پیک منصوبے کے ذریعے ملک میں 50ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی، اب ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے۔ امت مسلمہ میں پاکستان واحد ایٹمی طاقت ہے جو دشمنوں کو کھٹکتا ہے، کئی ممالک کو ہضم نہیں ہورہا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی کا راز معاشی اور اقتصادی طاقت ہوتا ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان معاشی ترقی اور اقتصادی مضبوطی کے ساتھ راہ پر چل پڑا ہے، اب پوری قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ عمران آج کل مجھے ارسطو اور افلاطون کہہ رہا ہے مگر لوگ مجھے ان کی تقریریں سن کر ووٹ نہیں دیتے ہیں بلکہ وہ میرٹ پر ووٹ دیتے ہیں اگر صرف خدمت سے ووٹ ملتے تو عمران سے پہلے عبدالستار ایدھی ملک کے وزیر اعظم بننے کے حق دار تھے۔ پیپلز پارٹی کا پانچ سالہ دور کرپشن کا سنہری دور تھا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا کچرا اب پاکستان تحریک انصاف میں آگیا ہے، باوجود تحریک انصاف اناڑیوں کی جماعت ہے، اناڑی کبھی بھی ملک کی بھاگ ڈور نہیں سنبھال سکتے، 2018کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن سندھ اور کے پی کے سے بھی دو تہائی اکثریت حاصل کرکے اپنی حکومت بنائے گی۔ قبل ازیں انجمن شہریاں کے صدر شیخ ثائیر علی، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طارق اُپل، سرپرست اعلی علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی، جنرل سیکرٹری عبدالوحید بٹ اور دیگر مقررین نے محرم الحرام پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے، این اے 117نارووال میں ریکارڈ ترقیاقی کام کروانے پر وزیر داخلہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ این این آئی کے مطابق احسن اقبال ارکان پارلیمنٹ کے کالعدم تنظیموں سے رابطوں سے متعلق مبینہ خط پر قومی اسمبلی میں آج پالیسی بیان دینگے۔ اس حوالے سے وزارت خارجہ اور الیکشن کمشن کو بھی خطوط لکھیں گے اور مبینہ خط سے متعلق تمام متعلقہ محکموں کو وضاحت کی جائیگی، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مبینہ جعلی خط ن لیگ کیخلاف سازش تھی جس کا مقصد (ن) لیگ کے ارکان پارلیمنٹ میں دراڑ ڈالنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وفاقی کابینہ بھی وضاحت کرچکی ہے، آئی بی اس خط کو من گھڑت اور جعلی قرار دے چکی ہے۔ وزیر داخلہ احسن اقبال آئندہ ہفتے 11 اکتوبر کو واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ امریکا کی اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن