قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتے‘ نوازشریف کو صدر والی ترمیم واپس لی جائے: سراج الحق
لاہور/اوکاڑہ (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے ختم نبوت ترمیم کی طرح شق 203 کو بھی واپس لیا جائے اور ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی کرنے والوں کو فارغ کر کے حکومت ان سے اعلان لاتعلقی کرے ۔ ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے والوں نے اکیس کروڑ پاکستانیوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا۔ جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات نہیں چاہتی۔ کرزئی کے داعش اور امریکہ کے بارے میں بیان کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے۔ کرزئی کا پاکستان اور امریکہ کے تعلقات بگاڑنے میں نمایاں کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی لاہور کے اجتماع ارکان سے خطاب اور اوکاڑہ میں ضلعی امیر ڈاکٹر لیاقت علی کوثر کے بیٹے کی تقریب نکاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت ختم نبوت کے حلف نامہ کی ترمیم سے اپنی لاتعلقی ثابت نہیں کر سکتی۔ حکومتی صفوں میں ایسے عناصر موجود ہیں جو عالمی سامراجی قوتوں کے اشارے پر ناموس رسالت کے قانون کو بدلنے اور ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔ حکومت ان لوگوں کا دفاع کرنے کی کوششوں میں کامیاب نہیں ہوسکتی اس لیے اسے عوامی غم و غصہ سے بچنے کے لیے ختم نبوت کے حلف میں ترمیم کرنے کی سازش کرنے والوں کو حکومت سے فارغ کرنا ہوگا اور ان کے خلاف فوری طور پر آئین کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے ان سے اعلان لاتعلقی کرنا ہوگا۔ قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا جماعت اسلامی قبل از وقت انتخابات کے حق میں نہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کا فائدہ ہمیشہ حکمرانوں کو ہوا ہے اور انہیں سیاسی شہید بننے کا موقع ملا ہے ۔ یہ مطالبہ ایک جماعت کا ہے دیگر اپوزیشن جماعتیں ابھی اس مطالبے کے حق میں نہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے تاکہ انہیں عوام کے سامنے یہ کہنے کا موقع نہ مل سکے ہماری حکومت کو چلنے اور مدت پوری نہیں کرنے دی گئی ہمیں مدت پوری کرنے کا موقع ملتا تو پاکستان ترقی میں یورپ و امریکہ سے آگے ہوتا۔ سراج الحق نے کہا جس طرح سے نیوز لیکس والے ایشو پر پرویز رشید کو بر طرف کیا گیا تھا اسی طرح سے ختم نبوت والے ایشو پر بھی ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے اور فوری طور پر متعلقہ وزیر کو بھی بر طرف کیا جائے صرف کمیٹیاں بنانے سے عوامی جذبات کو ٹھنڈا نہیں کیا جا سکتا ایک نا اہل شخص کو ترامیم کر کے دوبارہ پارٹی صدر منتخب کرنا کسی صورت درست نہیں یہ جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں، ختم نبوت میں قوم کے پریشر پر جس طرح سے ترامیم واپس لیں گئیں اسی طرح نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانیوالی ترامیم کو بھی واپس لینا ہو گا۔ این این آئی کے مطابق جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی مجلس شوریٰ سے خطاب کی مزید تفصیلات کے مطابق سراج الحق نے کہا نریندر مودی سن لے وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا، بھارتی قیادت اقوام متحدہ میں اپنی پیش کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو بنیادی اور پیدائشی حق فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی نوشتہ دیوار ہے، جب تک کشمیریوں کو ان کا حق مل نہیں جاتا ہم ان کی پشت پر رہیں گے۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور کشمیریوں کو وہ حق دلائے جس کا اقوام متحدہ نے عہد کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مستند دہشتگرد ہے وہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم کی انتہا کر رہا ہے ہندوستان میں کوئی بھی اقلیت نریندر مودی کی دست برد سے محفوظ نہیں۔ جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والی خطیر رقم کہاں گئی، 56ارب روپے جو پاکستان منتقل کیے گئے ان کو واپس کیا جائے۔ متاثرین زلزلہ کے لیے آنے والی رقم کا حساب پاکستان کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کرے تا کہ پتہ چل سکے کہ یہ رقم کہاں خرچ ہوئی۔