قومی کرکٹرز ان فٹ ہونے لگے ‘فٹنس ٹیسٹ پر سوالیہ نشان لگ گیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس) دبئی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں مشکلات سے دوچار پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی دھڑا دھڑ سکور تو نہیں بنا رہے البتہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر ضرور جا رہے ہیں۔ اظہر علی ٹیکہ لگا کر کھیلتے رہے تو حسن علی بھی کمر کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے اور پھر محمد عامر کی پنڈلی میں انجری نے سونے پر سہاگہ کر دیا لیکن دوسری جانب چیف سلیکٹر نے فٹنس اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے عمر اکمل کیلئے دبے دبے الفاظ میں ”خوشخبری“ سنا دی ہے۔عمر اکمل کیلئے دروازے بند نہیں کئے گئے۔ ان کا مسئلہ فٹنس اور نظم و ضبط ہے اور اگر وہ ان پر قابو پا لیتے ہیں تو پھر انہیں منتخب کرنے کے بارے میں ضرور سوچیں گے۔اگر عمر اکمل فٹنس مسائل سے دوچار ہیں تو پھر سری لنکا کیخلاف کھلاڑی کون سا گراونڈ میں ”اودھم“ مچا رہے ہیں۔ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیتے وقت کن باتوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ایسا نہیں کہ حسن علی اسی سیریز کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے بلکہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بھی اس تکلیف سے دوچار تھے اور پھر ورلڈ الیون کے خلاف سریز میں بھی اس درد سے ”لڑتے“ دکھائی دئیے اور اب سری لنکا کیخلاف وہ دوسرا ٹیسٹ میچ اسی جہ سے نہیں کھیل سکے۔