8 اکتوبر کا دن کبھی نہیں بھول سکتے‘ زلزلہ زدہ علاقوں میں زندگی دوبارہ لوٹی ہے: وزیراعظم آزاد کشمیر
پیرس (آن لائن) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ 8اکتوبر 2005ءکے زلزلہ سے آزادکشمیر میں جانی ومالی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی کے باوجود زلزلہ زدہ علاقوں کے عوام نے زندگی کی دوبارہ شروعات کیلئے جس ہمت و استقامت کا مظاہرہ کیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ یہ دن ہم کبھی نہیں بھول سکتے جس میں 70ہزار سے زائد افراد شہید ہوئے لاکھوں زخمی اور بے گھر ہوئے‘ حکومت پاکستان ،افواج پاکستان ،پاکستانی عوام، اسلامی ممالک، غیرمسلم ممالک اور عالمی اداروں نے اس المناک سانحہ میں مبتلا متاثرین کیلئے جو مدد کی وہ لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر نے فرانس پہنچنے پر مختلف تارکین وطن کشمیریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگراس وقت بہتر منصوبہ بندی کی جاتی تو نتائج مختلف ہو سکتے تھے۔ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت کے آنے کے بعد زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کا عمل تیز ہوا، ماضی کی حکومتوں کی عدم دلچسپی اور مشاورت کے فقدان کے باعث بہت سارے اہداف کے حصول میں تاخیر ہوئی۔ گزشتہ سال مالیاتی مشکلات کے باوجود تعمیر نو کے 95منصوبوں کی تکمیل کی ، اس وقت بھی 1533 منصوبوں پر کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے۔ جبکہ 909 منصوبوں پر ابھی کام شروع کرنا باقی ہے جس کے لئے 39ارب درکار ہیں۔ پیرس میں مختصر قیام کے بعد وزیراعظم کل برسلز جائیں گے جہاں وہ کشمیر کونسل یورپ کے زیراہتمام یورپین پارلیمنٹ میں منعقدہ ہفتہ کشمیر کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ جس کا آغاز برسلز پریس کلب میں منعقدہ تصویری نمائش سے ہوگا۔ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے مظالم ، پیلٹ گن کا استعمال ، خواتین و بچوں پر تشدد سمیت لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی اشتعال انگیزی سے نشانہ بننے والے عام شہریوں اور املاک کی تصاویر شامل ہیں۔
وزیراعظم/ آزاد کشمیر