حکومت نے کاشتکاروں سے زیتون کے پھل کی خریداری کا آغاز کردیا ہے
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب نے زیتون کے کاشتکاروں کے مالی استحکام کے لئے زیتون کے پھل کی خریداری کا آغاز کر دیاہے اور اس ضمن میں بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کی جانب سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اشتراک سے چکوال، فتح جنگ اور اٹک میں زیتون کے پھل کی خریداری کے لئے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں زیتون کے کاشتکار بغیر کسی دشواری کے زیتون کا پھل فروخت کر سکتے ہیں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ان خریداری مراکز کے قیام سے نہ صرف زیتون کے کاشتکاروں کو اپنی محنت کا بھرپور معاوضہ ملے گا بلکہ آئندہ زیتون کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان خریداری مراکز پر زیتون کے پھل کی ترسیل کے لئے خصوصی ٹوکریاں بھی دستاب ہیں جس سے پھل آلودگی اور ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے۔ زیتون کے کاشتکاروں زیادہ سے زیادہ منافع کے لئے موٹا اور باریک پھل علیحدہ علیحدہ لے کر آئیں۔