داعش افغانستان میں امریکی اڈے اور اسلحہ استعامل کر رہی ہے کرزئی
کابل (صباح نیوز+ آئی این پی) افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ امریکہ کے داعش سے رابطے ہیں، امریکہ افغانستان میں داعش کو اسلحہ فراہم کرکے اس کی مدد کر رہا ہے جبکہ جنگجو تنظیم داعش افغانستان میں امریکی فوجی اڈے بھی استعمال کر رہی ہے اور امریکی اڈوں سے غیر فوجی رنگ کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے داعش کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ سابق افغان صدر نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا امریکی انٹیلی جنس کی موجودگی میں ہی داعش کا افغانستان میں وجود ہوا۔ ٹرمپ حکومت کو ہمارے سوالات کا جواب دینا ہوگا۔ حامد کرزئی نے کہا پہلے افغانستان میں طالبان اور القاعدہ کے ارکان زیادہ تھے لیکن اب داعش سے تعلق رکھنے والے افراد سب سے زیادہ ہیں۔ اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے کہ انتہا پسندی کو کیسے قابو کیا جا سکتا ہے۔ سابق افغان صدر کا کہنا تھا ہمیں حق پہنچتا ہے کہ ہم امریکہ سے سوال پوچھیں کہ امریکی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کی کڑی نگرانی اور موجودگی کے باوجود داعش نے کس طرح افغانستان میں اپنی جڑیں مضبوط کیں۔ حامد کرزئی نے کہا امریکہ کو اس کا جواب لازمی دینا چاہئے کیوں کہ اس کا جواب افغانستان نہیں بلکہ امریکہ کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا انہیں شک سے بھی زیادہ یقین ہے کہ داعش کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسلحہ پہنچایا جاتا ہے اور یہ صرف ملک کے ایک حصے میں نہیں بلکہ کئی حصوں میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا داعش کو اسلحہ کی فراہمی کی خبریں افغان شہری ہی نہیں بلکہ حکومت میں موجود افراد اور دیہات میں رہنے والے لوگ بھی دے رہے ہیں۔ ملک بھر سے ایسی اطلاعات مل رہی ہیں داعش کو امریکی مدد حاصل ہے۔
کرزئی