• news

پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہے امریکہ قربانیوں کا اعتراف کرے چین

بیجنگ (آئی این پی) چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا مکمل اعتراف کرے، پاکستان گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کو شکست دینے کی مسلسل کوششیں کررہا ہے جس میں اس نے بہت قربانیاں دیں۔ امید ہے پاکستان اور امریکہ خطے و دنیا کی سلامتی و استحکام کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی مسلح افواج کے سربراہ جنرل جوزف ڈنفورڈ نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی پر دہشت گردوں کے ساتھ روابط کا الزام لگایا تھا جب کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے پاکستان کی خفیہ ایجنسی پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا امریکہ اسلام آباد کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کی جانے والی فعال کوششوں کا مکمل طور پر اعتراف کرے۔ انہوں نے کہا پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔ کئی سال سے پاکستان دہشت گردی کو شکست دینے کی مسلسل کوششیں کررہا ہے جس میں اس نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کی کوششوں کا مکمل اعتراف کرے۔چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا چین دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی تعاون کو مضبوط اور کوششوں کو مربوط کرنے کے لیے عالمی برادری کی تائید کرتا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور امریکا باہمی احترام کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور خطے و دنیا کی سلامتی و استحکام کے لیے مل جل کر کام کریں گے۔
چین

ای پیپر-دی نیشن