• news

امریکہ کو حقانی نیٹ ورک کیخلاف مشترکہ کارروائی کی پیشکش، واشنگٹن پتہ چلائے اس کی موجودگی میں داعش افغانستان کیسے پہنچی: وزیر خارجہ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے امریکہ کو پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کی پیشکش کر دی۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے امریکہ کو حقانی نیٹ ورک کے جتنے ٹھکانوں کا پتہ ہے ہلی کاپٹر پر بیٹھ کر ساتھ چلے۔ حقانی نیٹ ورک کی سرگرمیاں دکھائی دیں تو مل کر وہیں ملیامیٹ کر دیں گے۔ آرمی چیف نے کابل کے حالیہ دورے میں اشرف غنی کو یہی پیش کش کی۔ امریکی دباﺅ آیا تو مشکل وقت میں چین‘ روس‘ ایران اور ترکی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ امریکہ سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے۔ اب ہم وہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں ہو گا۔ امریکہ جو چار آنے دے رہا ہے بند کر دے تو بھی گزارا کر لیں گے۔خواجہ آصف نے کہا گھر صاف تھا تو نیشنل ایکشن پلان کیوں بنایا گیا۔ چار سال پہلے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہونا چاہئے تھا۔ نیشنل ایکشن پلان اپنے گھر کو صاف کرنے کا پلان ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر پوری کمٹمنٹ سے عمل کرنا چاہئے۔ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ امریکہ کا ساتھ دینے کا خمیازہ آج بھی بھگت رہے ہیں۔ امریکہ کی افغان پالیسی ناقص ہے۔ امریکہ حقانی نیٹ ورک کی آڑ میں ہم پر دباﺅ ڈالتا ہے۔ امریکہ پتہ لگائے ان کی موجودگی میں داعش افغانستان کیسے پہنچی۔ افغان مسئلے پر سول اور عسکری اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ ریاست کے اندر ریاست والی بات ایک واقعہ کے تناظر میں کی گئی۔ حکومت کیخلاف کوئی سازش نہیں ہورہی۔ 

ای پیپر-دی نیشن