محمد عامر کی جگہ منتخب ہونیوالے عثمان شنواری جلد دبئی کیلئے اڑان بھریں گے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ ون ڈے سیریز کیلئے عثمان شنواری کو منتخب کر لیا ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں ایچ بی ایل کی نمائندگی کرنے والے پیسر عثمان شنواری جلد دبئی کیلیے اڑان بھریں گے اور ون ڈے اسکواڈ کو جوائن کر لیں گے، محمد عامر ڈے اینڈ نائٹ دبئی ٹیسٹ میں پنڈلی کی تکلیف کے باعث میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ایم آر آئی رپورٹ کے بعد ڈاکٹرز نے دو سے تین ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے، قبل ازیں پہلے ٹیسٹ میں پیسر حسن علی انجری کے بعد دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیل پائے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلا ون ڈے 13 اکتوبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔، دوسرا مقابلہ 16 اکتوبر کو ابوظہبی، تیسرا میچ 18اکتوبر کو ابوظہبی، چوتھا مقابلہ 20اکتوبر کو شارجہ جبکہ پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 23 اکتوبر کو شارجہ سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔