ایس پی ڈی ٹیچرز کی عدم مستقلی کیس کا فیصلہ میرٹ پر کرنے کا حکم
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ادارے سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژن کے ٹیچرز کو مستقل نہ کرنے کے حوالے سے کیس کی سماعت میں عدالت نے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجواتے ہوئے میرٹ پر فیصلہ کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ عدالت کو بتایا گیاکہ یہ اڑھائی سو سے زائد ٹیچرز ہیں ان میں سے ایک سو میل فی میل ٹیچرز نے معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے یہ ٹیچرز کنٹریکٹ ، ڈیلی ویجز پر پندرہ پندرہ، بیس بیس سال سے کام کررہے ہیں ان میں زیادہ تر اعلیٰ تعلیم یافتہ ، ایم اے ، ڈبل ایم اے، ایم فل، پی ایچ ڈی ہیں، بہترین پڑھائی کے باعث طلبہ کا رزلٹ فرسٹ کلاس آتا ہے۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ کیونکہ یہ (پی اے ای سی) کے ملامین نہیں ہیں اسی وجہ سے انہیں ریگولر نہیں کیا جارہا اس حوالے سے کئی میٹنگ ہوئی ہیں، عدالت نے قرار دیا کہ ان سے کام لیا جارہا ہے تو ان ٹیچرز کو جاب سکیورٹی بھی ہونا چاہئے۔