• news

ہائیکورٹ نے قبرستانوں سے قبضے واگزار کرانے والے پولیس‘ انتظامی افسروں کے تبادلے پر پابندی لگا دی

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم پر قبرستانوں سے قبضے واگزار کرانے والے انتظامی اور پولیس افسروں کے تبادلوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی۔ عدالت نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کہا جائے گا۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے سماعت کی۔ عدالتی معاون میاں افتخار ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کریم بلاک قبرستان میں قابضین نے تہہ خانے بنا رکھے ہیں جن میں رات کی تاریکی میں عورتوں اور مردوں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ تھانہ اقبال ٹائون کے ایس ایچ او نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالتی حکم پر من و عن عمل کرتے ہوئے کریم بلاک اور نشتر بلاک قبرستان سے تمام اراضی واگزار کرا لی گئی ہے۔ ٹی ایم او سمن آباد کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ قبرستان میں قابضین کی جانب سے بنائے گئے تہہ خانے مسمار کر کے چار دیواری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ قبرستان میانی صاحب میں نئی جنازگاہ کی تعمیر کے لئے پرانے ڈھانچے کی مسماری کا کام تیزی سے جاری ہے۔ عدالت نے میانی صاحب قبرستان میں جناز گاہ کی تعمیرسے متعلق عمل درآمد رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن